سرینگر//مسلم وقف بورڈ کے وائس چیرمین نظام الدین بٹ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل اور زیارت حضرت مخدوم صاحب ؒ کا دورہ کیا ۔ اُن کے ہمراہ وقف بورڈ کے اعلیٰ آفیسران اور انجینئروں کی ٹیم بھی تھی ۔ وائس چیرمین نے زیارت حضرت مخدوم صاحبؒ میں زیارت کے عقب میں خواتین کیلئے پرانی ثبات(لیڈ یز ثبات) کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ آفیسران اور انجینئروں سے اس ثبات کے دیوارں کی فوری مرمت اور مضبوطی کے لئے منصوبہ ترتیب دینے کے ہدایت دئے ۔ نظام الدین بٹ نے کہا لیڈیز ثبات کو جدید طرز پر مرمت کی جائے گی جس کے دوران اس کے روایتی طرز و تعمیر کو ملحوظ نظر رکھا جائے تاکہ اس کی روایتی خدوخال کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جاسکے۔ نظام الدین بٹ نے شیخ حمزہ ؒ کیمونٹی ہا ل کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے کیمونٹی ہال میں کانفرنس سہولیات کے علاوہ میریج ہال کے طور پر بھی ضروری سہولیات سے لیس کرنے کے ہدایت دیئے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر عوام سے ملاقات کے دوران کہا کہ کیمونٹی ہال کو جدید تقاضوں اور سہولیات کی تعمیر کے بعد عوام کی سہولیت کیلئے دستیاب رکھا جائے گا۔آثار شریف درگاہ حضرت میں حاضری کے دوران بٹ نے درگاہ حضرت میں جاری جامع تعمیراتی پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے پروجیکٹ کی رفتار کے علاوہ اس کے مختلف پہلوئوں سے بھی جانکاری حاصل کی ۔ وائس چیرمین نے متعلقہ ایجنسی سے کام میں سرعت لاتے ہوئے اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کر نے کی تلقین کی ۔