سری نگر//جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں امسال اکتوبر میں منعقد ہونے والی ایشین مارشل آرٹ گیمز کو سیکورٹی وجوہات کی بناءپر منسوخ کیا گیا ہے۔ گیمز کی منسوخ کو وادی میں کھیل کے شعبہ کے لئے ایک دھچکا مانا جاتا ہے۔ جموں وکشمیر اسٹیٹ کیڈو ایسوسی ایشن کے ایک ترجمان نے بتایا ’ ہمیں نیشنل مارشل آرٹ کمیٹی (این ایم اے سی) انڈیا نے بتایا کہ ورلڈ مارشل آرٹ گیمز کمیٹی (ڈبلیو ایم اے جی سی) نے بعض ممالک کے کہنے پر اس بین الاقوامی سطح کے ایونٹ کی میزبانی منسوخ کی ہے۔ بعض ممالک نے وادی کی سیکورٹی صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر حکومت بشمول اسپورٹس منسٹر عمران رضا انصاری، سٹیٹ سپورٹس کونسل سکریٹری وحیدالرحمان پرہ اور ضلع انتظامیہ سری نگر نے ایونٹ کے انعقاد کے لئے بھرپور تعاون کا وعدہ دیا تھا۔ جموں وکشمیر اسٹیٹ کیڈو ایسوسی ایشن نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ گرمائی دارالحکومت سری نگر رواں سال کے اکتوبر میں پہلی بار بین الاقوامی مارشل آرٹ کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔ ایسو سیشن نے بتایا تھا کہ ان کھیلوں میں 12 ملکوں سے ٹیمیں شرکت کریں گی۔ متذکرہ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے بتایا تھا ’یہ ٹورنامنٹ 3 اکتوبر سے 7 اکتوبر 2018 تک شیر کشمیر انڈور اسٹیڈیم سری نگر میں کھیلا جائے گا‘۔ انہوں نے بتایا تھا ’بین الاقوامی سطح کے اس ٹورنامنٹ کی بدولت نہ صرف مقامی مارشل آرٹ کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کو دکھانے کا موقع ملے گا، بلکہ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع بھی فراہم ہوگا‘۔