جموں//مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے قانون ساز اسمبلی میں وزیر خزانہ کے بدلے میاں الطاف احمد کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 2017 کے آخر تک ریاست کے مختلف ضلع ایمپلایمنٹ اور کونسلنگ مراکز میں 88040 نوجوانوں نے رجسٹریشن کی ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ یہ رجسٹریشن رضا کارانہ طور کی جاتی ہے اور بے روز گار نوجوانوں کی تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے پڑھے لکھے بے روز گار نوجوانوں کو سرکاری اور نجی سیکٹروں میں روز گار دلانے کیلئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے کے پی ایس سی نے پچھلے تین برسوں کے دوران 3290 تقرریاں جبکہ جے کے ایس ایس بی نے 19583 تقرریاں عمل میں لائیں ۔ اس موقعہ پر علی محمد ساگر ، عثمان مجید ، مبارک گُل ، ایم وائی تاریگامی ، الطاف احمد وانی ، حکیم محمد یاسین اور جاوید احمد رانا نے ضمنی سوالات پوچھے ۔