سرینگر// نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے شہر خاص کے زیڈی بل، ککر باغ، راتھر محلہ، مخدوم پورہ، حول، نوشہرہ ، بادام واری، علمگری بازار، شری بھٹ، نلہ بل کے علاوہ کئی علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوںکے مسائل ، مشکلات اور دیگر روز مرزہ ضروریات زندگی کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔لوگوں نے جگہ جگہ موجودہ سرکار کی طرف سے بجلی اور پینے کے پانی کے قلت کے علاوہ کئی مسائل کی جانکاری دی۔انہوں نے موقعے پر ہی معاملات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھاکر اُن کا سدباب کرنے کی یقین دہانی کرائی۔تنویر صادق نے کہاکہ حکومت کے 24گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے وعدے بھی سراب ثابت ہوئے اور امسال لوگوں کو اب تک کے بدترین بجلی بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیاکہ موجودہ مخلوط حکومت نے شہر سرینگر کو یکسر نظر انداز کردیا ہے اور یہاں تعمیر و ترقی کے کام نہ ہونے کے برابر ہیں۔ تنویر صادق نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ سیاسی انتقام گیری ترک کرکے تمام علاقوں میں مساوی بنیادوں پر کام کروائیں اور عوام کو راحت پہنچانے کیلئے حقیقی معنوں میں کام کریں۔