سرینگر/ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو کی ہدایت پر کل جوائنٹ ڈائریکٹر سینٹرل عابد حسین کی سربراہی میں ایک ٹیم نے وادی کے کئی وِنٹر کوچنگ مراکز کا دورہ کرکے درس و تدریس اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اِس دوران اُنہوں نے سرینگر میں قائم کئی مراکز کا دورہ کرکے بچوں سے استفسار کرکے اُنہیں فراہم کی جارہی درس و تدریس کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ٹیم نے ہائر سیکنڈری سکول جواہر نگر میں قائم وِنٹر کوچنگ مرکز کے معائنے کے دوران وہاں تعینات سینئر لیکچررغلام محی الدین بٹ کو ڈیوٹی سے کوتاہی برتنے اور ناتسلی بخش کارکردگی کے ضمن میں معطل کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ پرنسپل کے نام وجہ بتاو نوٹس جاری کرنے کی سفارش کی۔اسی دوران ناظم تعلیمات کشمیر نے مذکورہ لیکچرر کی معطلی کے حوالے سے باضابطہ ایک حکم نامہ زیر نمبر 118-DSEK of 2018 بتاریخ10-02-2018 جاری کیا اور مذکورہ لیکچرر کو معطلی کی مدت کے دوران اسی سکول میں اٹیچ کیا گیا۔ ہائر سیکنڈری سکول جواہر نگر میں قائم وِنٹر کوچنگ مرکزکی ناتسلی بخش کارکردگی کے سلسلے میں سکول کی پرنسپل کے نام وجہ بتاو نوٹس بھی جاری کی گئی ہے۔