جموں//14ویں گریٹر کشمیر انویٹیشنل گالف ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے جموں وکشمیر کے گالف کھلاڑیوں نے جی کے کی پہل کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی شمولیت ایک شاندار تجربہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے ٹورنامنٹوں کی ریاست کو بہت زیادہ ضرورت ہے جن سے صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کا موقعہ ملتاہے۔کامیابی حاصل کرنے والے عمر گنائی اور دھورو ملہوترہ نے گریٹر کشمیر اور اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں دیگر سپانسروں کا شکریہ ادا کیا ۔انہوںنے کہاکہ اس ٹورنامنٹ میں مزید نوجوانوںکو شامل کیاجائے۔“Closest to the Pin”ایوارڈ جیتنے والے آکاش بھولہ نے کہا’’یہ ٹورنامنٹ نئے اور سینئر کھلاڑیوںکو اپنی صلاحیتوںکو اجاگر کرنے کا بہترین موقعہ فراہم کرتاہے ، میں نے 2016سے اس کھیل میں حصہ لینا شروع کیا لیکن اس کے بعد ہوئے تینوں ٹورنامنٹ میں شمولیت کی جن میںسے دو کا انعقاد گریٹر کشمیر نے کیا‘‘۔ گالف کھلاڑیوں کے ایک گروپ جس میں بھوپیش گپتا، سنجیو پٹھانیہ ، دائود اقبال اور انیل سلاتھیہ شامل تھے ، نے بتایاکہ ریاست بھرمیں ایسے مزید ٹورنامنٹ ہونے چاہئیں تاکہ اس کھیل کو مقبول بنایاجاسکے اوراس میں ملک بھر سے کھلاڑی شامل ہوں ۔ان کاکہناتھاکہ حکومت کو پیشہ وارانہ کوچنگ کی خدمات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں کیمپ منعقد کرنے جیسے اقدامات کرنے چاہئیں ۔انہوںنے اس چیز کو مستر دکردیاکہ گالف کھیلنے والے صرف امیر لوگ ہوتے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ جو بھی اس کھیل میں حصہ لینے کا جذبہ رکھتاہو، وہ سامنے آکر اپنی صلاحیتیں دکھاسکتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر کسی میں ٹیلنٹ ہے تو اس کیلئے محدود کچھ بھی نہیں ۔