سرینگر//جنوبی ضلع شوپیاں کے براٹھ پورہ میں فو ج کی مبینہ فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوا ،جبکہ پولیس نے کہا کہ وہ واقعے کے بارے میں پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔مزاحمتی جماعتوں کی طرف سے دی گئی ہڑتال اور شوپیاں میں گزشتہ ماہ فوج کی فائرنگ سے زخمی دوشیزہ کی ہلاکت کے بیچ ضلع کے براٹھ پورہ میں اس وقت افراتفری اور کشیدگی کا ماحول پیدا ہوا،جب فوج نے سنگبازی کر رہے نوجوانوں پر گولیاں چلائی،جس میں ایک نوجوان زخمی ہوا۔عینی شاہدین کے مطابق براٹھ پورہ شوپیاں میں فوج کی23پیرا سے وابستہ گشتی دستہ وہاں پہنچا تو نوجوانوں نے ان پر سنگبازی کی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سنگبازی کر رہے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے فوج نے ہوا میں گولیاں چلائی، جس کے دوران ایک نوجوان زخمی ہوا۔ زخمی ہوئے نوجوان کی شناخت عادل احمد وگے ولد عبدالخالق وگے ساکن ند پورہ شوپیاں کے بطور ہوئی،جس کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ علاقے میں فائرنگ کی وجہ سے سراسیمگی کا ماحول پیدا ہوا،اور لوگ خوف و ہراس میں مبتلا ہوئے۔اس دوران پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی چھان بین ہو رہی ہے۔پولیس کے ایس ایس پی شوپیاں شری رام امبارکر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس اس کی چھان بین کر رہی ہے،کہ اصل میں وہاں کیا ہوا۔انہوں نے کہا’’ہم مذکورہ فوجی یونٹ کے رابطہ میں ہے،کہ وہاں پر کیا ہوا’’۔