راجوری +مینڈھر//حد متارکہ پر پونچھ اور راجوری سیکٹروں میں ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے ۔گزشتہ شب ہوئی فائرنگ اور گولہ باری سے نوشہرہ کے پکھرنی سیکٹر میں ایک خاتون لقمہ اجل بن گئی جس کی شناخت پروین اختر زوجہ محمد مشتاق ساکن لائراں کے طور پر ہوئی ہے ۔ خاتون کے سرپر اچانک گولی لگی جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیاجارہاتھا تاہم وہ راستہ میں ہی دم توڑ گئی ۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ایس ڈی ایم اور ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ حالات کی نگرانی کررہے ہیں ۔وہیں مینڈھر کے بالاکوٹ تر کنڈی اور کا نگا گلی میں اتوار کے روز دونوں ممالک کی افواج میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا اور اس دوران کئی مارٹر گولے رہائشی علاقوں میں بھی آن گرے ۔فائرنگ اور گولہ باری دن کے 11بج کر 40منٹ پر شروع ہوئی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی ۔اس دوران 80ایم ایم اور120ایم ایم کے ما رٹرگولے بھی داغے گئے تاہم کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی البتہ مقامی لوگوں میں خوف پایاجارہاہے اور وہ اپنے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں ۔دریں اثناء منجاکوٹ کے بھمبر گلی سیکٹر میں فائرنگ وگولہ باری کا تبادلہ ہواہے ۔ ذرائع کے مطابق اس دوران 120ایم ایم کے مارٹر گولے رہائشی آبادی میں بھی گرے جن کی وجہ سے مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ۔ اس سیکٹر میں فائرنگ دن کے ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوئی جو کچھ دیر تک جاری رہنے کے بعد ختم ہوگئی ۔