حیدر آباد// مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے جموں و کشمیر کے سنجوان میں فوجی کیمپ پرجنگجوئوں کے حملہ پر کہا ہے کہ لوگوں کو مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال نہیں اٹھانا چاہئے۔ اسدالدین اویسی کے مطابق حملہ میں جو 7جوان مارے گئے ہیں، ان میں سے 5کشمیری مسلمان تھے۔اسد الدین اویسی نے کہا کہ "سات میں سے پانچ جوان جومرگئے وہ کشمیری مسلمان تھے ، اب اس پر کیوں کچھ نہیں کہا جارہا ہے ، اس سے سبق حاصل کرنا پڑے ان لوگوں کو جو مسلمانوں کی وفاداری پر شک کرتے ہیں ، جو ان کو آج بھی پاکستانی کہہ رہے ہیں ، ہم تو جان دے رہے ہیں "۔۔قابل ذکر ہے کہ تین دن قبل سنجوان فوجی کیمپ پر فدائین حملہ کیا گیا تھا ، جس میں اب تک 6جوان مارے گئے ہیں جبکہ ایک شہری کی بھی موت ہوگئی ہے۔ اس حملہ میں تین جنگجوبھی مارے گئے ہیں اور ان کے پاس سے بھاری تعداد میں ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ مارے گئے جوانوںمیں مدن لال چودھری ، محمد اشرف ، حبیب اللہ قریشی ، اقبال شیخ ، منظور احمد اور راکیش چندر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اقبال شیخ کے والد محی الدین شیخ کی بھی حملہ میں موت ہوگئی۔