بانہال // منگل کی دوپہر بعد تازہ پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت مجموعی طور دوسرے روز بھی بند رہی تاہم بانہال میں پیرکی صبح سے درماندہ پڑے ٹریفک کو وادی کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک نیشنل ہائی وے وشال منہاس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل کی صبح جواہر ٹنل کے آر پار برف اور رام بن بانہال سیکٹر میں رات کے اوقات میں گر آئی کئی پسیوں کو صاف کیا گیا اور بانہال اور رام بن میں درماندہ پڑے ٹریفک کو وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی لیکن دوپہر بعد رام بن بانہال سیکٹر میں تازہ پسیوں اور پتھروںکے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل دوبارہ متاثر ہوکر رہ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر دوپہر اڑھائی بجے کے قریب رام بن کے انوکھی فال علاقے میں ایک تازہ پسی شاہراہ پر گر آئی جس کی وجہ سے ادہمپور سے چھوڑی گئی ایک سو پچاس مسافر بردار اور دوسو مال بردار گاڑیوں کو رام بن اور چندر کوٹ کے مقام روک دینا پڑ ا۔ انہوں نے کہا کہ دھوپ نکلنے کے بعد پنتھیال اور خونی نالہ سمیت شاہراہ کے کئی مقامات پر رک رک کر پتھر بھی گر تے رہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے دوبارہ بند ہونے سے پہلے بانہال میں پیر سے درماندہ پڑے ڈیڑھ سو مال بردار اور پچپن مسافر بردار گاڑیوں کو وادی کی طرف منگل کی صبح چھوڑ دیا گیا تھا تاہم ایک درجن مسافرگاڑیاں پسی کے مقام پر پھنس کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر گرآ ئی تازہ پسیوں کو صاف کرنے کا عمل منگل کی شام تک جاری تھا اورسب کچھ ٹھیک رہنے کی صورت میں منگل کی شام دیر تک رام بن میں روکے گئے مسافر بردار ٹریفک کو بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ادھرضلع رام بن کے درجنوں دیہات بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں ہوئی بھاری برفباری کی وجہ سے بجلی اور سڑک رابطوں سے منقطع ہوگئے ہیں۔ بانہال کے نیل ، پوگل پرستان ، اہمہ ، دردہی ، کھڑی ، مہو منگت ، گول ، بھیم داسہ گوئی ، سنگلدان اور ارجگڑھ وغیرہ کے دیہات میں برفباری اور بارشوں کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے جبکہ رابطہ سڑکیں بھی بند ہو کر رہ گئی ہیں۔