سرینگر// ممبر اسمبلی گلمرگ محمد عباس وانی نے وزیر تعلیم سید الطاف بخاری کو خبر دار کیا ہے کہ اسکے حلقہ انتخاب میں نظام تعلیم انتہائی خراب و خستہ حالت کا شکار ہے اور اساتذہ و محکمہ کے دیگر عملہ کو تعلیم و تعلیم کے بجائے سیاسی مفادات کے حصول کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے سیکریٹری، جو اسی علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں، کے سیاسی عزائم ہیں اور وہ انکی تکمیل کے لئے محکمہ کی سرکاری مشنری اور سرمایہ کا ناجائز استعمال کرکے اپنے منظور نظر افراد کو بغیر ٹینڈر کے مختلف کام تفویض کرکے کارکنوں کی ایک جمعیت تیار کر رہے ہیںتاکہ وہ مستقبل میں انکے سیاسی عزائم کو روبہ عمل لانے میں مددگار ثابت ہو سکیں، اسطرح دن دہاڑے مستحق افراد کا حق مارا جا رہا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں محمد عباس نے کہا کہ مذکورہ آفیسر کی وجہ سے حلقہ انتخاب گلمرگ میں تعلیمی نظام تباہ و برباد ہو چکا ہے جسکے نتیجے میں ہزاروں طلبہ و طالبات کا مستقبل دائو پر لگ گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ علاقہ میں ہونہار اور قابل اساتذہ کو ایک طرف کرکے نااہل اور ناکارہ افراد کو کلیدی زمہ داریاںسونپی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے جوابدہی کا عنصر ہی ختم ہو چکا ہے۔ ممبر اسمبلی نے وزیر تعلیم کوخبر دار کیا ہے کہ اگر وہ فوراً سے بیشتر صورتحال کو درست کرنے کی کوشش نہیں کرتے تو عوام سڑکوں پر آکر راست اقدام کرکے گلمرگ حلقہ میں تعلیمی مراکز بند کرانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ممبر اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کا بذات خود جائزہ لیکر یہ دیکھیں کہ کس طرح سرکاری خزانہ اور سرکاری افرادی قوت کو ایک سرکاری افسر کی جانب سے اپنے مستقبل کے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پر زور دیا ہے کہ طلبہ و طالبات قوم کا مستقبل ہیں اور وہ انہیں کسی سرکاری افسر کے سیاسی عزائم کی بھینٹ چڑھنے سے بچانے کیلئے فوری اقدام کریں۔محمد عباس نے کہا ہے کہ مذکورہ آفیسر ملازمت سے سبکدوشی کے بعد سیاست میں آنے کے عزائم رکھتا ہے اور اس کی خاطر راہ ہموار کرنے کے لئے سرکار کی طرف سے عطا کردہ انتظامی اور مالی اختیارات کو ناجائز طریقے سے اپنے مفاد کے لئے استعمال کر رہا ہے۔