سرینگر//وادی میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں کمی کا توڑ کرنے کیلئے30برسوں کے بعد کشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں سے جڑے تاجروں،ہوٹل مالکان اور سفری سہولیات فراہم کرنے والے ایجنٹوں کا سالانہ کنونشن25فروری سے شروع ہورہا ہے،جس میں بھارت بھر سے700کے قریب مندوبین اور7ریاستوں کے سیاحتی وزراء کی آمد بھی متوقع ہے۔ محکمہ سیاحت اور مقامی طور پر سیاحتی سرگرمیوں سے جڑے لوگوں نے وادی میں سیاحوں کی کمی اور اس سے مقامی معیشت پر منفی ا ثرات مرتب ہونے کے تسلسل کو ختم کرنے کیلئے جہاں بڑے پیمانے پر بیرو ن ریاستوں میںروڑ شوز اور دیگر پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا ہے،وہی اس سلسلے میں ایک بڑی چھلانگ لگا کر30برس کے وقفے کے بعد سرینگر میں’’ٹراول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف انڈیا‘‘ کا سالانہ کنونشن منعقد کرنے میں کامیابی بھی حاصل کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ3دنوں تک سرینگر میں جاری رہنے والے اس کنونشن میں بیرون ریاستوں کے ہوٹل مالکان،سیاحت سے جڑے تاجر،ٹراول ایجنٹس اور دیگر سہولیات فراہم کرنے والے700کے قریب مندوبین 25 سے 27 جنوری تک جاری رہنے والے کنونشن میں شرکت کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کنونشن میں قریب7ریاستوں کے وزراء سیاحت کی آمد بھی متوقع ہے۔ ’ٹراول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف انڈیا‘‘ کے مقامی چیپٹر کے سربراہ ظہور احمد قاری نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بڑی عرق ریزی کے بعد محکمہ سیاحت اور ’’ٹراول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف انڈیا‘‘ اس اہم کنونشن کا کشمیر میں انعقاد کرنے کیلئے کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا ’’ اصل میں کنونشن کا انعقاد چین میں ہونے والا تھا،مگر محکمہ سیاحت اور ’’ٹراول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف انڈیا‘‘ کے مقامی چیپٹر کی کاوشوں کی وجہ سے کشمیر میں کنونشن منعقد کرنے کا خواب پورا ہوا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بھر سے تجارتی سرگرمیوں سے جڑے ہوئے معروف و مشہور لوگ اس کنونشن میں شرکت کرینگے،جس کیلئے سرینگر میں درجنوں اعلیٰ سہولیات سے لیس ہوٹلوں کی بکنگ کرنے کے علاوہ دیگر تیاریاں بھی مکمل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں مجموعی طور پر ’’ٹراول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف انڈیا‘‘ کا8واںسالانہ کنونشن ہوگا،جبکہ پہلا کنونشن1955اور آخری1988میں وادی میں منعقد ہوا تھا۔ظہور احمد قاری نے مزید کہا کہ اس کنونشن کو وادی میں منعقد کرانے کا صرف یہ مقصد ہے کہ بیرون ریاستوں کے لوگوں کو یہ تاثر اور یقین دہانی دی جائے،کہ یہاں کی صورتحال ٹھیک ہے،اور سیاحتی اعتبار سے کشمیر سب سے محفوظ جگہ ہے۔’’ٹراول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف انڈیا‘‘ کے مقامی سربراہ نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں کافی منفی پرپگنڈا کیا جا رہا ہے،اور وہ اس پرپگنڈا کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اور بھارت کی بیرون ریاستوں کے معروف تاجر اور صنعت کاراز خود مشاہدہ کر سکیں،کہ میڈیا جو انہیں کشمیر اور کشمیر کے لوگوں کے بارے میں بتا رہا ہے،وہ زہر ناک ہی نہیں بلکہ حقیقت سے کوسوں دور بھی ہے۔ انہوں نے پروگرام کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ24فروری کو تمام مہمان وارد کشمیر ہونگے،جس کے بعد رائل گالف سپرنگ میں گالف کا کھیل بھی ہوگا،اور اس کھیل میں شرکت کرنے کیلئے معروف کھلاڑیوں کی آمد بھی متوقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ25اور26فروری کو پہلگام میں منیجمنٹ میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا ہے،جبکہ مندوبین کو شہر کی ثقافت اور دیگر تمدن وتہذیب کی حامل جگہوں کی سیر بھی کرائی جائے گی۔ ظہور احمد قاری نے محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر محمود شاہ اور ہاوس بوٹ مالکان کی طرف سے اس سلسلے میں تعاون اور کاوشوں کی بھی سراہنا کی۔