نئی دہلی// روٹو میک کے مالک وکرم کوٹھاری پر بینکوں کا 800 کروڑ نہیں بلکہ تقریبا 3700 کروڑ روپے کا بقایہ ہے۔ سی بی آئی نے بتایا کہ کوٹھاری نے بینک آف انڈیا ، بینک آف بڑودہ ، بینک آف مہاراشٹر ، انڈین اوور سیز بینک ، یونین بینک آف انڈیا ، الہ آباد بینک اور اورینٹل بینک آف کامرس سے کل 2919 کروڑ روپے قرض لے رکھے تھے جو اب سود ملاکر کل 3695 کروڑ ہوگیا ہے۔اس معاملہ میں سی بی آئی کے بعد اب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی وکرم کوٹھاری کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔ کوٹھاری کے خلاف بینک آف بڑودہ نے سی بی آئی میں شکایت درج کرائی تھی ، جس کے بعد سی بی آئی نے کانپور میں کوٹھاری کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا ہے۔اس سے پہلے سی بی آئی کے ترجمان نے بتایا تھا کہ وکرم کوٹھاری ، ان کی اہلیہ اور بیٹے سے کانپور کے ان کے گھر میں پوچھ تاچھ کی گئی ، موصولہ معلومات کے مطابق سی بی آئی کو شک تھا یہ لوگ جلد ہی بیرون ممالک بھاگ سکتے ہیں ، اسلئے ایجنسی نے ان کا پاسپورٹ ضبط کرلیا ہے۔قبل ازیں ذرائع کے حوالے سے بتایا جارہا تھا کہ کانپور میں واقع روٹو میک کمپنی کے مالک وکرم کوٹھاری نے پانچ سرکاری بینکوں سے 800 کروڑ روپے سے زیادہ کا قرض لیا تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ الہ آباد بینک ، بینک آف انڈیا ، بینک آف بڑودہ ، انڈین اوورسیز بینک اور یونین بینک آف انڈیا نے قوانین کو طاق پر رکھ کر وکرم کوٹھاری کو اتنا بڑا قرض دیا۔وکرم کوٹھاری نے سب سے زیادہ یونین بینک آف انڈیا سے 458 کروڑ کا قرض لیا ہے۔ اس نے الہ آباد بینک سے بھی 352 کروڑ کی رقم کا قرض لیا تھا ، لیکن ایک سال ہوجانے کے باوجود اس نے بینکوں کو نہ تو لئے گئے قرض پر سود ادا کیا اور نہ ہی قرض واپس لوٹایا ہے۔