پونچھ +نوشہرہ+اوڑی//پونچھ حد متارکہ پر فوج نے پاکستان کی بارڈر ایکشن ٹیم کی جانب سے کئے گئے حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک جنگجوہلاک جبکہ اس دوران بھارتی فوج کے چار اہلکار اور دو جنگجو زخمی ہوئے ۔دریں اثناء نوشہرہ کے پکھرنی سیکٹر میں فائرنگ سے ایک مقامی پورٹر ہلاک ہوگیا ۔ فوج کے دسویں بریگیڈ کے بریگیڈکمانڈرنے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ شب پاکستانی بارڈر ایکشن ٹیم نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروںسے بھارتی چوکیوں پر زبردست گولہ باری کی جس کا بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا۔ انہوںنے بتایاکہ اس دوران بھارتی فوج نے کچھ افراد کو نقل و حرکت کرتے دیکھا جن کوبی اے ٹی سرحد عبور کروانے کی کوشش میں تھی لیکن بھارتی فوج نے مستعدی سے کارروائی کرتے ہوئے اس گروپ کوسرحد کے اندر داخل ہونے سے روک دیا اور فائرنگ کے تبادلہ میں ایک جنگجوہلاک ہواجبکہ دو زخمی حالت میں پاکستانی چوکیوں کی جانب بھاگ جانے میں کامیاب رہے ۔ انہوںنے بتایاکہ گولہ باری کے نتیجہ میں بھارتی فوج کے چار اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج آرمی ہسپتال میں چل رہاہے ۔بریگیڈکمانڈر کے مطابق صبح تلاشی کرنے کے دوران ایک جنگجو کی نعش ملی ہے جس کی تحویل سے 3 آر پی جی گرینیڈ ،4 راکٹ لانچر، 2 ریڈیو سیٹ،1 اے کے میگزین، 2 مولوٹوو کاک ٹیل ،4 یو بی جی ایل گرینیڈ ،7 ہینڈ گرینیڈ ،پیکا بیلٹ فائر، 1 موبائل فون، 3 بیک پیکس اور پاکستانی قومی پرچم برآمد کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ نوشہرہ کے پکھرنی سیکٹر میں حد متارکہ پر پون بہادر چوکی پر کام کرنے والا پورٹر ایشرسنگھ عمر 58سال ساکن لام اس وقت ہلاک ہواجب پاکستانی فوج کی طرف سے سنائپر رائفل سے فائر کیاگیا جو اس کے جسم پر آ لگا۔یہ واقعہ پیر کے روزدن کے ڈیڑھ بجے پیش آیا ۔ادھراوڑی میں کنٹرول لائن پر گولہ باری سے ایک خاتون زخمی ہوئی۔سوموار کوتین بجے کے قریب چرنڈا گائوں میں فوج کی اگلی چوکی ٹیکہ اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے خواجہ بانڈی علاقے سے ہند پاک افوج کے درمیان ہلکی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد شام 5 بج کر 30 منٹ ہند پاک افوج کے درمیان شدید گولہ باری شروع ہوئی جو 7 بجے تک جاری رہی ۔اس دوران کئی گولے چرنڈہ گائوں کی آبادی میں گرے اور اس دوران 45 سالہ خاتون زلیخا بیگم زوجہ جمال دید جندڑ گولہ باری کی زد میں آکر زخمی ہو گئی۔اسے علاج معالجہ کے لئے سب ضلع ہسپتال اوڑی منتقل کیا گیا۔اوڑی میںگولہ باری کاسلسلہ شروع ہوتے ہی حدمتارکے نزدیک سلی کوٹ ،بلکوٹ،موٹھل ،ہتھ لنگہ،سورہ، بٹگراں ،ناملہ اورگھرکوٹ کے لوگ خوف کی وجہ سے اپنے گھروں میں سہم کر رہ گئے۔
بھارتی فوج کی فائرنگ
۔ 8 سالہ بچہ لقمہ اجل:پاکستان
نیوز ڈیسک
راولپنڈی// پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچہ ایان لقمہ اجل بن گیا ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر واقع جاجوٹ گاؤں میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 سالہ ایان مارا گیا۔