سرینگر//کیلم کولگام میں ایک تیز رفتار ٹریکٹر نے نو عمر لڑکی کوکچل کر موت کی ابدی نیند سلادیا جبکہ نشاط سرینگر میں ایک ٹاٹا سومو اور ایک آٹو لوڈ کیرئیر کے درمیان ٹکر ہونے سے آٹو ڈرائیور مضروب ہوا۔تفصیلات کے مطابق کیلم دیوسر علاقے میں ایک نامعلوم ٹریکٹر نے 16سالہ اقراء جان دختر عبدالحمید بٹ ساکن کیلم کو اپنی زد میں لاکر بری طرح زخمی کردیا۔مذکورہ بچی کو خون میں لت پت حالت میں پبلک ہیلتھ سینٹر کیلم میں داخل کرایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی ۔قانونی اور طبی لوازمات مکمل کرنے کے بعد جب پولیس نے بچی کی لاش ورثاء کے سپرد کی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا گیا ہے اور بچی کو کچلنے والے ٹریکٹر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے جو حادثے کے فوراً بعد ٹریکٹر سمیت جائے واردات سے فرار ہوگیا۔ادھر شہر کے نشاط علاقے میں لور ٹی کراسنگ کے نزدیک ایک ٹاٹا سومو زیر نمبرJK01G/6617اورایک آٹو لوڈ کیرئیر زیر نمبرJK01V/0372کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی۔اس واقعہ میں آٹو ڈرائیور طارق احمد سلو ساکن نوہٹہ سرینگر زخمی ہوا جسے فوری طور صدر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر نسوبانڈی پورہ میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثے میں غلام احمد گنائی ساکن یرہ پورہ نسو جل بسا ۔