سرینگر // کرکٹر سے سیاستداں بنے پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے بشری مانکہ سے شادی کی ہے جو سابق کپتان کی تیسری شادی ہے ۔65 سالہ عمران کی تیسری شادی کی تصویر جاری کی گئی ہے اور انہیں مبارکباد بھی دی گئی ہے ۔اتوار 18 فروری کو رات نو بجے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کی تقریب منعقد ہوئی۔دریں اثنا تحریک انصاف کے لیڈر فواد چوہدری نے بھی کہا ہے کہ عمران خان کے نکاح کی تصدیق کرتا ہوں، نکاح کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف فواد چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ قیادت اور کارکنان کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، نکاح کی تقریب گزشتہ روز لاہور میں منعقد ہوئی، جس کا اہتمام چیئرمین تحریک انصاف کے برادر نسبتی احمد وٹو کی رہائشگاہ پر کیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ معروف عالم دین مفتی محمد سعید خان نے نکاح خوانی کی سعادت حاصل کی، چیئرمین تحریک انصاف کی اہلیہ کی والدہ سمیت دیگر اقرباء نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے ۔