جموں+کپوارہ//ایک پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹر بدھ کے روز حد متارکہ پر 300میٹر اندر تک گھس آیا اور چکر لگا کر واپس لوٹ گیا تاہم ہندوستانی فوج کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ۔ یہ ہیلی کاپٹر پونچھ ضلع میں کھڑی کرماڑہ کے مقام پر حد متارکہ عبور کر کے ہندوستانی علاقہ میں گھس آیا اور واپس جانے سے قبل قریب15منٹ تک وہاں منڈلاتا رہا۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں چھ روز قبل فوج نے پاکستان کا بیٹ حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ پاکستانی وردی میں ملبوس ایک درانداز ہلاک ہو گیا تھا۔ ایک فوجی افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ’ایک پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹر پونچھ علاقہ کے گلپور سیکٹر میں صبح 9:45منٹ پر فضا میں نمودار ہوا اور چند منٹ بعد واپس لوٹ گیا‘۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد دونوں جانب سے کسی بھی جارحیت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ۔حد متارکہ کا یہ علاقہ آر پار فائرنگ کے حوالہ سے سب سے زیادہ متاثر رہتا ہے ، بالخصوص پچھلے ایک برس کے دوران جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزیوں میں دونوں طرف بھاری جانی نقصان ہوا ہے ۔ اس دوران فوجی ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی ہے ۔ جموں میں مقیم وزار ت دفاع کے ایک ترجمان نے واضح کیا کہ ’’پاکستانی ہیلی کاپٹر کنٹرول لائن کے قریب پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن اس نے سر حد عبور نہیں کی تھی اس طرح فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوئی اطلاع نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ فوج الرٹ ہے اور اس نے ہیلی کاپٹر کو حد متارکہ کے قریب پرواز کرتے ہوئے دیکھا لیکن وہ اپنی حدود میں تھا۔قابل ذکر ہے کہ دونوں طرف کی افواج نے طے کیا ہے کہ روٹری ونگ طیارے(ہیلی کاپٹر) کنٹرول لائن کے ایک کلو میٹر جبکہ فکسڈ ونگ ائر کرافٹ (جنگی طیارے)10کلو میٹر کے دائرہ میں پرواز نہیں کرسکتے ہیں۔ ادھر سرحدی ضلع کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں بدھ کو دوسرے روز بھی فائر بندی کی خلاف ورزی کے دوران آ ر پار شلنگ سے مقامی لوگو ں میں تشویش کی لہر دو ڑگئی جبکہ ایک روز قبل اسی سیکٹر میں سرحدی حفاظتی فورس کا ایک اہلکارہلاک ہو گیا ۔منگل کی شام کرناہ کے جبڑی علاقہ میں اس وقت سرحدی حفاظتی فورس کا ایک جوان ہلاک ہو گیا تھاجب اس علاقہ میں فائر بندی کے خلاف ورزی کے دوران گولیو ں کا تبادلہ ہو ا ۔ رات دیر گئے اگرچہ گولیو ں کا سلسلہ رک گیا تاہم بدھ کی دوپہر اسی سیکٹر میں ہندو پاک کے درمیان دوبارہ گولیو ں اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہو ا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیںملی ۔
بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری ہلاک
نیوز ڈیسک
مظفر آباد// لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک ہوگیا۔لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہری ولایت حسین ہلاک جب کہ ایک اورشہری زخمی ہوگیا، جسے بھمبراسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب بنڈالہ میں بھی بھارتی فورسزکی جانب سے فائرنگ کی گئی اورنالی پتنی کی سول آبادی پربھی گولے برسائے گئے تاہم بھارتی فوج کا پاک فوج کی جانب سے بھرپورجواب دیا گیا۔