سرینگر// شہرکے مضافاتی علاقے بژھ پورہ صورہ میں مبینہ طور پر فورسز اور پولیس کی طرف سے کچھ مکانات کی گھیرہ بندی کے دوران گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی،تاہم پولیس نے گولی چلنے کے واقعہ کو مسترد کیا۔اس دوران مونچھوہ چاڈورہ میں فورسز نے محاصرہ اور تلاشیوں کی کارروائی کی۔ صورہ کے بژھ پورہ علاقے میں فورسز اور پولیس نے بدھ کو کئی مکانات کا محاصرہ کیا،جبکہ مبینہ طور پر اس دوران گولی چلنے کی آواز بھی سنائی دی۔پولیس نے تاہم بعد میں کہا کہ اس طرح کا کوئی بھی واقعہ پیش نہیں آیا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ جنگجوئوں کے چھپنے کی اطلاع ملنے کے بعد کچھ مکانات کا گھیرائو کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران تلاشیاں لی گئیں،تاہم جنگجوئوں کے ساتھ کوئی بھی رابطہ نہیں ہوا۔ادھر شہر کے نزدیک واقع مونچھو چاڑورہ کے مقدم باغ اور باغ مہتاب علاقوں میں بھی بدھ کو فورسز اور پولیس نے محاصرہ کر کے تلاشیاں لیں۔ فورسز کو ان علاقوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ تاہم وسیع پیمانے پر کئے گئے اس سرچ آپریشن میں فورسز کے ہاتھ کچھ نہیں لگا۔ شام تین بجے فورسز نے ان علاقوں کا محاصرہ ہٹالیا ہے۔