سرینگر// تجارت اور سفر کو ہند پاک کے درمیان رشتے استوار کرنے اور قیام امن کیلئے ایک ہتھیار کی طرح استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز نے دونوں ملکوں کو اس میں پیش رفت کرنے پر زور دیا۔بیان کے مطابق بدھ کو جاوید احمد ٹینگہ کی صدارت میں جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کی ایک میٹنگ کے دوران کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق میٹنگ میں جموں کشمیر کے تمام حصوں میں آزادنہ سفر اور تجارت کی وکالت کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں ملکوں کو تجارت سے ہی اپنے رشتے بہتر بنانے چاہے۔اس دوران آر پار تجارت سلام آباد کے صدر ہلال احمد ترکی کو جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کا نائب صدر بھی منتخب کیا گیا۔میٹنگ میں زور دیا گیا کہ سماجی رابطہ گاہوں کو جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کی تشہیر کیلئے استعمال کیا جائے،جبکہ اس بات کا بھی فیصلہ لیا گیا کہ تمام خطوں سے وابستہ ایگزیکٹو باڈی کی میٹنگ سلام آباد،پونچھ اور راولاکوٹ کے زیرو پوائنٹ پر منعقد کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ میٹنگ میںڈاکٹر مبین شاہ،شیخ عمران،مختار یوسف،محمد رجب کچھے،محمد شاہد چودھری،محمد اقبال لون اور زبیر مہاجن بھی موجود تھے۔