سرینگر // منسٹری آف شماریات اور منصوبہ عمل آوری کی جانب سے ریاستی سرکار کو بھیجے گئے ایک مکتوب میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز میں مرحوم وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی دوسری برسی پر عوام کے نام وقف کئے گئے پیٹ سکین مشین کی تعمیر اور تنصیب کیلئے بھارت کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قریب 20ممبران پارلیمنٹ نے اپنی لوکل آئیر ڈیولپمنٹ فنڈ میں سے رقومات واگذار کی تاہم جموں و کشمیر کے کسی بھی پارلیمنٹ یا اسمبلی ممبرنے پیٹ سکین کیلئے کوئی بھی پیسہ نہیں دیا۔سکمز صورہ میں 12کروڑ روپے کی مالیت کے نصب کئے گئے پیٹ سکین کیلئے جن اراکین پارلیمنٹ نے رقوم دیں ان میںمحسنا قدوائی نے ایک کروڑ روپے، کے پرسنارن نے ایک کروڑ اور ایک کروڑ روپے ایچ کے ہڈا نے اپنے لوکل ائیریا ڈیولپمنٹ فنڈ اور ریکھا گنیشن نے ایک کروڑ روپے ریاستی حکومت کو عطیہ کے طور پر دیئے۔پیٹ سکین کیلئے 12کروڑ روپے کا عطیہ دینے والوں میں سے بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹینڈولکر بھی شامل ہے جنہوں نے پیٹ سکین کیلئے 50لاکھ روپے بطور عطیہ دیا ہے۔ پیٹ سکین کیلئے عطیہ کرنے والوں میں کیرالا کے دو ممبران پارلیمنٹ، دلی کے 3، پنجاب کے 2،مہاراشٹرا کے4، مغربی بنگال کے 3، تامل ناڈو کے 2اور دیگر مختلف ریاستوں کے ممبران پارلیمنٹ نے جموں و کشمیر کی سرکار کے اکائونٹ ایس بی آئی اکائونٹ نمبر 35352887581 میں رقوم جمع کرائے ہیں۔