سرینگر// بانڈی پورہ پولیس نے نشیلی ادویات کے ناجائز دھندے میں ملوث اسمگلروں کے خلاف مہم میں تیزی لاتے ہوئے9 اسمگلروںکو گرفتار کر کے ان کی تحویل سے نشیلی ادویات کی بھاری مقدار ضبط کی ہے۔ادھرمٹن اننت ناگ میں ایک نائی کی دکان سے غیر قانونی شراب کی63بوتلیں برآمد کی گئیں جبکہ بارہمولہ میں ایک ٹرک سے نشیلی ادویات ضبط کرکے ڈرائیور سمیت 2افراد کی گرفتار عمل میں لائی گئی ۔بانڈی پورہ پولیس نے چھاپہ مار کاروائیو ں کے دوران مجموعی طور9افراد کو حراست میں لیا ہے ۔اس سلسلے میں ایس ایس پی بانڈی پورہ شیخ ذوالفقار آزاد نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہوں نے ضلع میں منشیات کا غیر قانونی دھندہ کرنے والوں کا قلع قمع کرنے کےلئے ایک سپیشل ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس کی نگرانی وہ خودکررہے ہیں۔شیخ ذوالفقار آزاد نے بتایا کہ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے بطور رواں برس کے دوران ہی پولیس اسٹیشن بانڈی پورہ میں درج کی گئی تین الگ الگ ایف آئی آر کی تحقیقات کے دوران متعدد مقامات پر چھاپے مارے گئے اور ناکوںکے دوران نشیلی ادویات کے ناجائز کاروبار میں ملوث 9بدنام زمانہ اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔یہ کارروائیاں ڈی ایس پی میر مرتضیٰ اور ایس ایچ او سید غضنفر کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے عمل میں لائی۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ نے تینوں کیسوں میں گرفتار کئے گئے اسمگلروں کی شناخت بلال احمد بٹ اور ممتاز احمد خان ساکنان بوٹینگو سوپور،خورشید احمد خان ساکن پنزی گام بانڈی پورہ، وحید احمد گنائی ساکن حاجن، سہیل احمد راتھر صدر کوٹ، فرحت بشیر بابا، صدام حسین شاہ کلوسہ بانڈی پورہ، رئیس احمد بٹ آلوسہ اور طاہر رشید مٹہ ساکن اشٹینگو بانڈی پورہ کے بطور کی۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے نشیلی ادویات کی بھاری مقدار برآمد کی گئی ہے جس میں کوڈین فاسفیٹ کی16بوتلیں اور 7000سے زائد نشیلی کیپسول شامل ہیں۔ ادھر اننت ناگ سے اطلاع ہے کہ ایس ایچ او مٹن توصیف احمد کی قیادت میں پولیس کی ایک چھاپہ مار ٹیم نے عبدالحمید بٹ ساکن صدر بازار مٹن نامی نائی کی دکان پر چھاپہ مارا۔پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران دکان سے غیر قانونی شراب کی63بوتلیں ضبط کی گئیں۔معاملے کی نسبت ایف آئی آر درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں پولیس نے ریلوے اسٹیشن کرالہ ہار کے نزدیک ایک ناکہ بٹھار کھا تھا جہاں ایک ٹرک زیر نمبر JK02AG/8069کی تلاشی کے دوران نشیلی دو اکی460بوتلیں برآمد کی گئیں۔اس موقع پر ٹرک ڈرائیور منوج کمار بھٹ ساکن سبھاش نگرریہاری کالونی جموں اور اس کے ساتھی غلام محی الدین آخون ساکن کھئی ٹنگن بارہمولہ کو گرفتار کیا گیا۔ ہندوارہ میںپولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے جمعرات کو ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر چھوٹی پورہ کے نزدیک ناکہ لگایا جس کے دوران وہا ں سے ایک مو ٹر سائیکل سوار مقصود احمد شاہ اور عاشق حسین شاہ کو روکا اور ان کی تلاشی لی جس کے دوران پولیس نے ان کی تحویل سے نشیلی ادویات کی بھاری کھیپ ضبط کر کے انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔سب ڈویژنل پولیس آفیسر شبیر احمد خان نے بتا یا کہ نشیلی ادویات کو فرو خت کرنے کے لئے دو نو ں ملزم جارہے تھے کہ پولیس نے انہیں دپوچ لیا ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر8/20NDPS,Act 36/2018USدرج کر کے تحقیقات شروع کی ۔شوپیان پولیس نے کورٹ کمپلیکس کے نزدیک ایک ڈرگ اسمگلر کو گرفتار کیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوںنے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرعاشق حسین ملک ساکن پالپورہ کو گرفتار کیا اور اس کی سنٹرو زیر نمبرJK03C.3422سے1.4کلو چرس برآمد کیا۔(مشمولات کے ایم این)