بارہمولہ //فیاض بخاری//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کل اوڑی کا دورہ کرکے ہندوپاک افواج کے مابین ہورہی گولہ باری کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے لوگوں کے ساتھ ملاقات کی .اس موقعہ پر انجینئر رشید نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک میں ایسے لوگ موجود ہیں کہ جو جنگ کوئی کوئی حل نہیں مانتے ہیں لیکن بد قسمتی سے ہندوستان میں کوئی بھی شخص وزیر اعظم مودی کو یہ بتانے کی ہمت نہیں جٹا پارہا ہے کہ فساد کی اصل جڑ مسئلہ کشمیر ہے جس نے نہ صرف دونوں ممالک ،باالخصوص کشمیر میں،آدم خور دیو کی صورت اختیار کی ہوئی ہے بلکہ اس سے پورے بر صغیر کا امن تباہ ہوکے رہ گیا ہے۔اسلام آباد اور نئی دلی پر زور دیتے ہوئے انجینئر رشید نے انسے ،کشمیریوں کی خواہشات و جذبات و قربانیوںکے مطابق ،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جنگجو قیادت اور منتخبہ نمائندوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کیلئے کہا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے کشمیریوں نے زبردست قربانیاں دی ہیں لہٰذا اس مسئلے کو عوام کی خواہشات و جذبات کے مطابق ہی حل کیا جانا چاہیئے۔نہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار سیلی کوٹ،ہتلنگا،چرونڈا،تلواری،بالکوٹ سرحدی دیہات، جہاں کی تقریباََ پوری آبادی کو ایل او سی پر لگی تاربندی کی دوسری جانب پھینک دیا جاچکا ہے، کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ چونکہ سرحد پر آئے دنوں حالات کشیدہ رہتے ہیں لہٰذا یہاں کے لوگوں کو زیر زمین بنکر بناکے دئے جانے سے کوئی مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے بلکہ انہیں قدرے محفوظ علاقوں میں رہائشی پلاٹ دئے جانے چاہیئں تاکہ وہ ہمہ وقت موت کے خوف کے سائے تلے رہنے پر مجبور نہ ہوجائیں۔اس دوران انجینئر رشید نے کہا کہ انکی زیر نگرانی قائم جوائینٹ ایفورٹ ٹرسٹ کی جانب سے گولہ باری سے متاثرہ ہوئے طلباء کیلئے کوچنگ کلاسز کا اہتمام کیا جائے گا۔