سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل پوری کشمیر وادی میں پالیتھین کے خلاف ایک غیر معمولی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے تاکہ پورے کشمیر میں اس کی خریدوفروخت اوراستعمال پر روک یقینی بن سکے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کااظہار متعلقہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں کیا جس میں پالیتھین کے خلاف جاری مہم کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر ایس ایم سی بھی موجود تھے۔جب کہ مختلف اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنروں نے پالیتھین لفانوں کو ضبط کرنے اور اس کے استعمال کے مضر اثرات پر لوگوں کو دی جارہی جانکاری کے بار ے میں میٹنگ کو آگاہ کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ وادی میں حالیہ مہم کے دوران 50کوئنٹل پالیتھین کو ضبط کیا گیا۔ترقیاتی کمشنروں نے ضبط کئے گئے پالیتھین کو ضائع کرنے کیلئے مناسب جگہ کی کمی کا معاملہ اُٹھایا۔صوبائی کمشنر نے پالیتھین کے مہم کو جاری رکھنے کی ہدایت دی۔بعد میں صوبائی کمشنر نے تجر شریف میںمختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کابھی جائز ہ لیا۔