سرینگر//حریت (ع)نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کو اس پورے خطے کی مجموعی صورتحال کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے مابین کشیدہ صورتحال کے خاتمہ کے لئے آگے آئیں۔بیان میں کہا گیاکہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے سرحدوں پر رہ رہے ہزاروں کی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں اور سرحدوں پر جاری شدید گولہ باری کی وجہ سے نہ صرف آر پار قیمتی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے ، سرحدوں پر دہشت کا ماحول پید اہو گیا ہے ، لوگ محفوظ مقامات کا رُخ کررہے ہیں بلکہ دونوں جوہری مملکتوں کے درمیان موجودہ کشیدگی کسی بڑے خطرے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے دونوں ہمسایہ جوہری مملکتوں کے درمیان تنائو کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر رہا ہے اور جب تک اس مسئلہ کو یہاں کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جاری کشیدہ صورتحال سے چھٹکارا بہت مشکل ہے ۔حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ برصغیر کے ساتھ ساتھ پورے جنوبی ایشیائی خطے کو ممکنہ ایک تباہ کن جنگ سے بچانے اور اس خطے میں رہ رہے کروڑوں عوام کے سیاسی مستقبل کو لاحق خطرات سے بچانے کیلئے آگے آئیں اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر حل طلب مسائل کو حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔