بارہمولہ // شمالی قصبہ پٹن میں لوگوں نے دو الگ الگ مقامات پر بجلی اور پانی کے عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ ہانجی ویرہ اور ریشی پورہ دیہات کے لوگوں نے سنیچر کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کو لیکر سرینگر مظفرآباد شاہرہ پر زبردست احتجاج کیا ۔جس کے نتیجے میں کئی گھنٹوں تک شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہی ۔مظاہرین نے کہا کہ ہانجی ویرہ ریشی پورہ گائوں کے لوگ پچھلے کئی روز سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے کی آباد ی ندی نالوں کاگندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے ایگزیگزیکٹیو انجینئرکو اس بارے میںآگاہ کیاتاہم انہوں نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ،جس کے نتیجے میں لوگوں کو سڑکوں پر آنا پڑا ۔اس دوران تحصیلدار سنگھپورہ اور ایس ڈی پی او پٹن جائے واقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے جس کے بعد مظاہرین پُر امن طور منتشر ہوئے ۔اس دوران پلہالن پٹن میں لوگوں نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے کہاکہ باغات محلہ کا بجلی ٹرانسفارمر دو ماہ قبل خراب ہوا تھا جس کو بعد میں ٹھیک کرانے کیلئے ورکشاپ لیا گیا تھا تاہم دو ماہ گذرنے کے باوجود بھی ٹرانسفامر کو واپس نہیں لایا گیا ۔مظاہرین نے کہا کہ علاقہ دو ماہ سے گھپ اندھیرے میں ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوںنے بجلی اور پی ایچ ای حکام سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں جلد از جلد پانی اور بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔