سرینگر// جہلم ویلی میڈیکل کالج بمنہ میں زیر تعلیم ڈاکٹروں نے کٹھوعہ سانحہ کے مجرموں کو سزائے موت دینے کیلئے احتجاج کیا۔ سنیچر کو ڈاکٹروں نے کٹھوعہ میں8سالہ آصفہ کی عصمت دری اور قتل میں ملوثین کو سزا دینے کیلئے احتجاج کیا۔ احتجاجی طلاب نے بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ’آصفہ کے قاتلوں کو پھانسی دو‘،’انصاف میںتاخیر،انصاف نہ دینے کے برابر‘،’آصفہ کو انصاف دو‘‘ کے نعرے درج تھے اور مظاہرین نے قاتلوں کے خلاف نعرہ بازی کی ۔احتجاجی طلاب نے کالج کے احاطہ میں مارچ کیا اور ریلی برآمد کی۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ معصوم آصفہ کے ساتھ یکجہتی کے طور پر وہ احتجاج کر رہے ہیں۔مظاہرے میں شامل ایک طالب علم نے کہا کہ انہیں حیرانگی اس بات پر ہو رہی ہے کہ سماج میںایک ایسا طبقہ بھی جو بہ ظاہر طور پرخود کو باشعور کہتا ہے مگرقاتلوں اور مجرمین کے بچائو میں سامنے آیاہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ از خود اس معاملے میں مداخلت کریںاور اس سانحہ کو سیاست کی نذر نہ ہونے دیں۔طلاب نے مجرموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی عبرتناک سزا سے مستقبل میں ایسی حرکت کرنے والے ہزار دفعہ پہلے سوچے گے۔احتجاجی طلاب بعد میں پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔