نئی دہلی// کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیرالہ میں کھاناچرانے کے الزام میں ایک آدی واسی نوجوان کو پیٹ پیٹ کرہلاک کئے جانے پر غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ سماج میں بڑھ رہے عدم برداشت کے واقعات کے تئیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔کیرالہ کے پلاکڑ کے نزدیک کڈوکومنا گاؤں میں جمعرات کی شب مدھونام کے ایک 27سالہ آدی واسی نوجوان کو کھانا چرانے کے الزام میں پیٹ پیٹ کرہلاک کردیاگیا۔تقریبا15افراد جب اس نوجوان کی لاٹھی ڈنڈوں سے پٹائی کررہے تھے اسی دوران کسی نے اس واقعہ کا ویڈیوبنالیاتھا۔ مسٹر گاندھی نے اس واقعہ پر غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا''کیرالہ میں ایک آدی واسی نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کئے جانے کے واقعہ سے غم زدہ ہوں ۔سماج میں عدم برداشت کے بڑھ رہے واقعات کے تئیں ہوشیار رہنے کی ضروت ہے اور سبھی کو اس کے خلاف ملکر آواز بلندکرئی چاہئے ۔