نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ان کی خود انحصاری پر اصرارکرتے ہوئے کہا کہ مضبوط، خود کفیل اور ملک کی مجموعی ترقی میں برابر کی شریک 'عورت' ہی نیو انڈیا کا خواب ہے ۔مسٹر مودی نے ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام 'من کی بات' کے 41 ویں ایڈیشن میں کہا کہ ملک خواتین کی ترقی سے آگے خاتون کی قیادت کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ ناری شکتی نے اپنے کاموں سے خود کفیل ہونے اور پراعتماد ہونے کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انھوں نے خود کو خود کفیل بنایا ہے اور خود کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک اور سماج کو بھی آگے بڑھانے اور ایک نئے مقام پر لے جانے کا کام کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا، '' آخر ہمارا 'نیو انڈیا' کا خواب یہی تو ہے جہاں عورت مضبوط ہو، خود کفیل ہو، ملک کی مجموعی ترقی میں برابر کی شریک ہو''۔انھوں نے سوامی وویکانند کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نسوانیت کا خیال مکمل آزادی میں مضمر ہے ۔ یہ خیال ہندوستانی ثقافت میں عورت کی طاقت کے کا اظہار کرتا ہے ۔ لہذا سماجی، اقتصادی زندگی کے ہر شعبہ میں خواتین کی برابری کی شرکت یقینی بنانے کی یہ ہم سب کا فرض اور ذمہ داری ہے ۔ انھوں نے کہا، '' ہم اس روایت کا حصہ ہیں، جہاں مردوں کی شناخت عورتوں سے ہوتی تھی۔ یشودا-نندن، کوشلیا-نندن، گاندھاري بیٹے ، یہی شناخت ہوتی تھی کسی بیٹے کی''۔مسٹر مودی نے آئندہ آٹھ مارچ کو 'بین الاقوامی مہیلا دوس'کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ملک میں' ناری شکتی پرسکار 'سے کام کرنے والی مثالی خواتین کوایوارڈ سے نوازا جاتا ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ آٹھ مارچ کو 'یوم خواتین' منانے کے پروگراموں میں سو سال کی عمر پوری کرنے والی خواتین کو اعزاز سے نوازا جانا چاہئے ۔عورت کی طاقت، اتحاد اور قوت ارادی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 'سوچھ بھارت ابھیان' کے تحت جھارکھنڈ میں تقریبا 15 لاکھ خواتین نے متحد ہو کر ایک ماہ کی صفائی مہم چلائی۔ اس مہم کے تحت صرف 20 دن میں ان خواتین نے ایک لاکھ 70 ہزار بیت الخلاء کی تعمیر کرکے ایک نئی مثال قائم کی ہے ۔اس میں تقریبا ایک لاکھ سکھی منڈل کی خواتین ہیں۔ 14 لاکھ دو ہزار خواتین پنچایت کے نمائندے ، 29 ہزار جل سکھیا، 10 ہزار خواتین سوچھ گراھي اور 50 ہزار خواتین راج مستری ، اس تنظیم کا حصہ ہیں۔