سرینگر// بیروہ پولیس نے سرگرم نقب زنوں کے گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے 3 چوروں کوگرفتارکرکے اُنکی نشاندہی پرلاکھوں روپے مال مسروقہ برآمد کیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بیروہ علاقہ میں چوری کی کچھ وارداتیں رونماہونے کے بعد پولیس نے ملوث چوروں کا تعاقب شروع کیا۔ اسی دوران بیروہ کے ایک تاجر توسیف احمد نے پولیس تھانہ میں یہ شکایت درج کرادی کہ نقب زنوں نے اُسکی دکان نزدیک سومواسٹینڈ بیروہ کو 15 فروری کو لوٹ لیا۔ پولیسنے اس سلسلے میں ایک مشتبہ شخص وحید احمد ساکن ستہارن کھاگ کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا اور دوران پوچھ تاچھ مذکورہ شخص نے اعتراف کیاکہ اُس نے دوساتھیوں کے ساتھ ملکر تاجر کی دکان لوٹ لی۔ ملزم کے اقبال جرم کئے جانے کے بعد اُسکے دونوں ساتھیوں بلال منٹو اور منظور شیخ ساکنان ستہارن کو بھی گرفتار کیا گیا۔ تینوں گرفتار نقب زنوں کی نشاندہی پر 64 موبائل فون، موبائل فون کی بیٹریاں، چارجر اورکچھ انویٹر وغیرہ بھی ضبط کئے گئے۔ اُدھرمقامی لوگوں نے پولیس کی سراہناکرتے ہوئے اس اُمیدکااظہارکیاکہ آئندہ بھی جرائم پیشہ افرادکے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔