سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے کہا ہے کہ تنظیم کے بنیادی نصب العین کی عمل آوری کیلئے ہر سطح پر نتیجہ خیز اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا اور اس مقصد کیلئے کسی بھی مصلحت کو حائل راہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ صدر موصوف تنظیم کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں سبھی تنظیمی معاملات زیر بحث لائے گئے ۔بیان کے مطابق اجلاس میں تنظیم کے سربراہ کی قائدانہ صلاحیتوں اور خلوص کو سراہتے ہوئے عہد کیا گیا کہ سربراہ کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اسلامیان کشمیر کے اجتماعی مفادات کیلئے ریاستی عوام کی سیاسی جدوجہد کے شانہ بہ شانہ اپنا کردار نبھانا اور ریاست میں اتحاد ملی کے حوالے سے ذمہ داریوں کی ادائیگی تنظیم کے آئین اساسی کا ایک جُزو لاینفک ہے ۔اجلاس میں کہا گیا کہ کسی بھی مسجد یاامام باڑہ یا قومی اثاثے کو آپسی انتشار شکار نہیں ہونے دیا جائے گابلکہ اس طرح کے معاملات میں تنظیم کے قائد کے کسی بھی فیصلے پر عمل درآمد کیلئے اراکین و عاملین اپنا بھرپور تعاون پیش کریں گے۔ اپنے صدارتی خطاب میں آغا سید حسن نے کہا کہ انجمن شرعی شیعیان کی سوچ، فکر اور پیغام یہ ہے کہ بدگمانیوں اور انتشار کے ازالے کیلئے مفاہمانہ طرز عمل اختیار کیا جائے اورجوبھی ادارے اور تنظیمیں قومی اور دینی خدمات انجام دے رہی ہیں انہیں بقائے باہمی کے اصولوں کے تحت ایک دوسرے کے وجود و اہمیت کا اعتراف کرنا چاہئے۔