سرینگر//سیاحت اور تمدن کے وزیر تصدق حسین مفتی نے کل ریاست کی ٹوراِزم پلگرمیج کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ ایک افسروں کی میٹنگ میں لیا۔وائس چیئرمین جے اینڈ کے وقف بورڈ نظام الدین بٹ اس موقعہ پر موجود تھے۔ریاست کے پلگرمیج ٹورازم کی طرف سے جاری ترقیاتی کاموں کی تفاصیل لائوڈا، جے کے پی سی سی ، جے کے ہاوسنگ بورڈ ، جے کے ٹی ڈی سی اور جے کے سیکاپ کے افسروں نے میٹنگ میں پیش کیں۔متعلقہ محکموں نے اس موقعہ پر صوبہ کشمیر کے تمام پلگرمیج کے بنیادی ڈھانچے پر پیش رفت پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے پیش کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ درگاہ حضرت بل ڈیولپمنٹ پروجیکٹ پر 42 کروڑ روپے کی رقم سے ترقیاتی اور تعمیراتی کام شدو مد سے جاری ہے۔بعد میں وزیر نے مخدوم صاحب ؒ زیارت کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔وزیر مقامی لوگوں سے ملے اور ان کے مسائل و شکایات بغور سنے ۔وزیر نے ان کے ہمراہ افسروں کو ہدایت دی کہ مخدوم صاحبؒ زیارت سے وابستہ تمام تعمیراتی کام فوری طور ہاتھ میں لئے جائیںاور عقیدتمندوں کی سہولیات میں اضافہ کرنے کے اقدامات کریں۔ ایم ڈی جے کے پی سی سی ، ایم ڈی جے کے ہاوسنگ بورڈ ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی اور ناظم سیاحت بھی میٹنگ میں موجو دتھے۔