کلبرگی//(یواین آئی)بی جے پی کے قومی صد رامیت شاہ نے دعوی کیاہے کہ کرناٹک کے عوام ناکام سدارامیا حکومت کو تبدیل کرتے ہوئے یدی یورپا کی زیر قیادت بی جے پی کی حکومت کی تشکیل کے لئے تیار ہیں کیونکہ یہ حکومت پانچ سال میں ہرمحاذ پر ناکام ہوگئی ہے ۔حکومت کی رشوت خوری کے چرچے ہر کسی کی زبان پر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے حیدرآباد ۔کرناٹک اور دوسرے علاقوں میں بی جے پی کے تئیں عوام کا جوش وخروش دیکھنے لائق ہے ،ہر علاقہ سے پارٹی کو بہتر ردعمل مل رہا ہے اور آئندہ انتخابات میں بی جے پی کی حکومت کی تشکیل یقینی ہے ۔مسٹر شاہ نے کلبرگی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پیپلز فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی )اور سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آ ف انڈیا (ایس ڈی پی آئی )کے خلاف عائد معاملات سے دستبرداری اختیار کی گی ہے جس سے سدارمیاحکومت کی ایک طرفہ کارروائی کااظہار ہوتا ہے ۔انہوں نے طلاق ثلاثہ بل سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی خواتین کی اکثریت کی حمایت اس بل کو حاصل ہے اور مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت خواتین کو مساوی اختیارات او ر ان کے حقوق کی فراہمی کی پابند ہے ۔اس مسئلہ پر سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اس لحاظ سے ہی ضروری قانون بی جے پی حکومت لائے گی ۔اس مسئلہ پر پارٹی میں کوئی الجھن نہیں ہے ۔مسٹر شاہ نے کہاکہ ریاست میں بی جے پی اور سنگھ پریوار کے 25کارکنوں کا قتل کیاگیا جس کے خلاف حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔مسٹر شاہ نے کہاکہ کرپشن اور ریاست کے وزیراعلی سدارامیا دونوں متراد بن گئے ہیں کیونکہ کرناٹک کی حکومت تمام محاذوں پرناکام ہوگئے ہے ۔کرپشن کے معاملات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ نیرو مودی کے خلاف بی جے پی حکومت کی جانب سے کی جارہی کارروائی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیرو مودی کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے ۔سی بی آئی ، ای ڈی کی جانب سے کارروائی کی جارہی ہے ۔یہ کارروائی آج تک کی سب سے سخت کارروائی ہوگی ۔ان کے کئی جواہرات کو ضبط کیا گیا ہے ۔