سرینگر// شمالی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام ٹنگمرگ سے تعلق رکھنے والی دو نوجوان خواتین سکی کھلاڑی شابستہ شبیر اور صبیہ نبی یکم مارچ سے ایران میں منعقد ہونے والی 'سکی ایشین چمپئن شپ' میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب کشمیر سے تعلق رکھنے والی دو نوجوان خواتین کھلاڑی کسی بین الاقوامی ایونٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔ عالمی شہرت یافتہ سکی ریزارٹ گلمرگ جوکہ ٹنگمرگ سے محض تین کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے ، کی برف پوش پہاڑیوں پر بچپن سے ہی سکینگ کی تربیت حاصل کرنے والی شابستہ اور صبیہ پہلے ہی قومی سطح پر منعقد ہونے والے متعدد سکی مقابلوں میں ریاست کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا 'ٹنگمرگ سے تعلق رکھنے والی شابستہ شبیر اور صبیہ نبی نے ٹرائلز کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی بناء پر انہیں ایشین چمپئن شپ میں بھارت کی نمائندگی کرنے کے لئے منتخب کیا گیا'۔ انہوں نے بتایا 'دونوں لڑکیاں یکم مارچ سے ایران میں منعقد ہونے والی جونیئر ایشین الپائن سکی چمپئن شپ میں بھارت کی نمائندگی کریں گی'۔ اس دوران محکمہ سیاحت جموں وکشمیر نے نوجوان خواتین سکی کھلاڑیوں شابستہ اور صبیہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں انٹرنیشنل سکی فیڈریشن (ایف آئی ایس) سے منظور شدہ سکی سیٹ فراہم کئے ہیں۔محکمہ کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا 'دونوں نوجوان خواتین سکی کھلاڑی منگل کے روز ونٹر گیمز فیڈریشن آف انڈیا کے دفتر میں حاضر ہونے کے لئے نئی دہلی روانہ ہوئیں، جہاں سے وہ چمپئن شپ میں شرکت کے لئے ایران روانہ ہوں گی'۔انہوں نے بتایا کہ ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ نے یہاں منعقدہ ایک تقریب میں دونوں نوجوان خواتین سکی کھلاڑیوں کو سکی سیٹ فراہم کئے ۔