لندن//برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہیاور یخ بستہ موسم کی تازہ لہر کے باعث ہونے والے حادثات میں 17 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں سرد موسم اور برف باری نے معمولات زندگی کو تباہ کردیا ہے، مختلف حادثات میں 17 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہے جس کے باعث سینکڑوں افراد ایئر پورٹ اور ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے ہیں اسی طرح مواصلات کے نظام کو پہنچنے والے نقصان کے باعث رابطے کا فقدان مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔یورپ میں خراب موسم کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں پولینڈ میں 5، برطانیہ میں 4، رومانیہ اور لتھوانیا میں 6 اور فرانس میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ پولینڈ میں درجہ حرارت منفی 22 اور برطانیہ میں منفی 9 تک گر گیا ہے اور صرف پولینڈ میں نومبر سے جاری سرد موسم کے سبب مجموعی اموات 58 ہوگئیں۔برطانیہ میں موسم سرما کی حالیہ لہر سے نمٹنے کے لیے لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔