راجوری //گزشتہ روز ترکنڈی اور بالاکوٹ سیکٹروں میں بھاری شلنگ کے بعد بدھ کے روز نوشہرہ اور سندر بنی سیکٹروں میں شدید فائرنگ اور گولہ باری ہوئی جس کے نتیجہ میں فوج کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سے بدھ کی شام تک سندر بنی اور نوشہرہ کے کلال علاقے میں بڑے پیمانے پر فائرنگ اور گولہ باری کی گئی اور دونوں ممالک کی افواج نے ایک دوسرے کی چوکیوں کو نشانہ بنایا ۔ذرائع نے بتایاکہ چھوٹے ہتھیاروں کے علاوہ مارٹر گولے بھی داغے گئے اور کئی گولے رہائشی علاقوں میں بھی آن گرے جس سے مقامی لوگوں میں دہشت پیدا ہوگئی ۔ ذرائع نے بتایاکہ فائرنگ اور گولہ باری کے تبادلے میں نوشہرہ کے کلال سیکٹر میں فوج کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔