ہانجورہ کی آئی سی اے آر کی سالانہ جنرل میٹنگ میں شرکت
تجاوزات ناقابل برداشت:لال سنگھ
جموں// جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا کہ حکومت تجاوزات کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ان باتوں کا اظہار وزیر نے شاہراہ پرپودے لگانے کی عمل کا جائزہ لینے کے دوران جنگلات کے افسروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ پی سی سی ایف روی کیسر، چیئرمین ایس پی سی بی بی سدھارتا، ڈائریکٹر سوشل فارسٹری اشونی گپتا، ڈائریکٹر ماحولیات او پی شرما، ایڈیشنل پی سی سی ایف این پی سنگھ، ڈائریکٹر سوئیل واٹر اینڈ کنزرویشن جاوید اقبال پنجو، سی سی ایف ایکو ٹورازم جے فرنکوئی، ایم ڈی ایس ایف سی سریش گپتا ،سی ایف فاروق گیلانی ، ڈائریکٹر ایس ایف آر آئی بی ایم شرما، سی ایف ایسٹ سرکل خواجہ قمرالدین ، ریجنل ڈائریکٹر ایس ایف روپ کور اوتار ، ریجنل ڈائریکٹر وائیلڈ لائف ڈاکٹر وی ایس سنتھل کمار ، ریجنل ڈائریکٹر چودھری شوکت علی ودیگر جنگلات کے افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر نے ایس پی سی بی کو ہدایت دی کہ وہ سٹون کریشروں ، اینٹوں کے بٹھوں اور سیمنٹ فیکٹری کے مالکان کے نام باضابطہ نوٹس جاری کریں جنہوں نے ابھی تک اپنے کار خانوںمیں کثافت روکنے کے سلسلے میں سائنسی آلات نصب نہیں کئے ہیں۔انہوں نے افسروں سے کہاکہ وہ ناجائز تجاوزات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کارروائی عمل میںلائے ۔
تنخواہوں کی عدم فراہمی،بانڈی پورہ میں قائمقام سی ایم او یرغمال
عازم جان
بانڈی پورہ //سب ضلع اسپتال بانڈی پورہ میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے پریشان ملازمین نے قائمقام سی ایم او کو یرغمال بنالیا ہے۔ سب ضلع اسپتال بانڈی پورہ میں بدھ کو مریضوں اور تیمارداروں نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کے خلاف احتجاج کیا جب وہاں کام کرنے والے ملازمین نے تنخواہوں کی عد ادائیگی کی وجہ سے اچانک کام چھوڑ ہڑتال شروع کردی۔ ملازمین کے اس روےے کے خلاف مریضوں نے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ سی ایم او بانڈی پورہ ڈاکٹر چالکو نے بتایا کہ وہ اسپتال میں پچھلے تین ماہ سے بطور انچارج سی ایم او کام کررہا ہے اور تنخواہ کی بلوں پر دستخط نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا ” میں نے ملازمین سے چند دنوں کی مہلت مانگی تھی کیونکہ میں نے یہ معاملہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کی نوٹس میں لایا ہے لیکن انہوں نے مہلت دینے کے بجائے مجھے اپنے کمرے میں بند کرکے کمرے پر تالہ چڑھا دیا ہے“۔
پی ڈی پی لیڈر کا :سرحدی کشیدگی پر تشویش
سرینگر//پی ڈی پی لیڈر راجا اعجاز علی نے سرحدی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرحدی بستیوں میں رہنے والے لوگوں کو درپیش مصائب و مشکلات کافوری ازالہ کرنے پر زور دیا ہے۔راجا اعجاز علی نے بتایا کہ جموں کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر حالیہ شیلنگ کے باعث لوگوں کی ایک بڑی تعداد نقل مکانی پر مجبور ہوئی ہے اور یہ امر قابل تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر ہندو پاک مخاصمت کا خمیازہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑرہا ہے جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے اس بیان کی تائید کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات سے ہی لائن آف کنٹرول پر امن قائم کرکے لوگوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کیا جاسکتا ہے۔راجا اعجاز علی نے اوڑی کے چرونڈا، بٹگراں، تلہ واڑی، سلی کوٹ، ہتھ لنگہ، موٹھل ،صورہ اور ملحقہ علاقوں سے گھر بار چھوڑ کر جانے والے لوگوں کو درپیش مصائب و مشکلات پر بھی تشویش ظاہر کی اور حکومت پر زور دیا کہ وہ نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو ہر طرح کی مدد اورسہولیات فراہم کریں۔
نیشنل کانفرنس کا گل رفیقی کے ساتھ اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن اور سابق ممبراسمبلی ہوم شالی بگ گل محمد رفیقی کی دختر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگوران خصوصاً والدین کے ساتھ تعزیت کی۔ دونوں لیڈران نے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، جنوبی زون صدر سکینہ ایتو، ممبرانِ قانون سازیہ عبدالمجید لارمی، الطاف احمد کلو ، صوبائی ترجمان عمران نبی ڈاراور ضلع صدر اسلام آباد ڈاکٹر محمد شفیع نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
کدلہ بل سے مرزا پورتک تعمیراتی کام ممنوع
پلوامہ//ضلع انتظامیہ پلوامہ نے بدھ کو کدلہ بل مرز ا پور تک شاہراہ کے دونوں طرف غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں کو روکنے کی ہدایت دی ہے۔اس سلسلے میں شاہراہ کے متصل ہر طرح کے تعمیراتی کام کو ممنوع قراردیا گیا ہے۔
نارستان ترال کی آبادی مواصلاتی نظام سے محروم
ترال/سید اعجاز/ترال کے نارستان علاقہ مواصلاتی نظام سے محروم رہنے کی وجہ سے زبردست تکلیف کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ علاقے میں سینکڑوں لوگ رہائش پذیر ہیںجہاں چند سال قبل ایک مواصلاتی کمپنی نے ایک موبائل ٹاور کھڑا کر دیا تھا لیکن گزشتہ ہفتے مذکورہ مواصلاتی کمپنی کا ریاست میںکام کاج ٹھپ ہونے کے ساتھ ہی علاقے کے باشندے اس اہم سہولیت سے محروم ہوگئے ۔انہوں نے علاقے میں مواصلاتی نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوکرناگ میں حادثہ،17سالہ دوشیزہ زخمی
سرینگر//زالنگام کوکرناگ میں تیزرفتارسوموگاڑی کی زدمیں آکرایک17سالہ دوشیزہ سیرت جان دخترمنظوراحمدوانی ساکن کوکرناگ زخمی ہوگئی ،جس کوضلع اسپتال اسلام آبادسے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیا۔زالنگام کوکرناگ علاقہ میں بدھ کو اُس وقت تشویش کی لہردوڑی گئی جب یہاں ایک ٹاٹاسومومسافربردارگاڑی زیرنمبرJK13A-6077نے ایک 17سالہ دوشیزہ کوٹکرمارکرشدیدزخمی کردیاجبکہ حادثے کے بعدڈرائیورگاڑی لیکرفرارہوگیا۔ادھرکوکرناگ پولیس نے حادثے کے بعدفرارہوئے ڈرائیورمنظوراحمدوانی ساکن لارنوکوگرفتارکرلیا۔
کے اے ایس افسروں کیلئے تربیتی پالیسی
چیف سیکریٹری کو رپورٹ پیش کی
جموں// خزانہ کے پرنسپل سیکریٹری نوین کمار چودھری کی سربراہی میں آفیشل پینل نے بدھ کو چیف سیکریٹری بی بی ویاس کو کے اے ایس افسروں کے لئے تربیتی پالیسی کی رپورٹ پیش کی۔ کمیٹی میں کمشنر سیکریٹری جی اے ڈی خورشید احمد ،سابق سیکرٹری اطلاعات ایم ایچ ملک ،ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر ڈاکٹر غلام نبی ایتو، صنعت و حرفت وزیر کے او ایس ڈی ڈاکٹر روی شنکر شرما اور امپارڈ کے نمائندے شامل تھے۔