نئی دہلی// مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آئی این ایکس میڈیا سے منسلک منی لانڈرنگ معاملہ میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کو آج چنئی میں گرفتار کر لیا۔ سی بی آئی ذرائع نے یہاں بتایا کہ جانچ ایجنسی نے کارتی کو لندن سے چنئی ہوائی اڈے پر اترتے ہی حراست میں لے لیا تھا۔ کچھ دیر ہوائی اڈے پر ہی پوچھ گچھ کرنے کے بعد کارتی کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیشی ایجنسی کا دعوی ہے کہ کارتی تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، جونیئر چدمبرم کو آج ہی چنئی سے دہلی لایا جائے گا۔ گزشتہ سال 15 مئی کو سی بی آئی نے کارتی کے خلاف مجرمانہ سازش رچنے ، فراڈ، بدعنوان اور غیر قانونی کام کے لئے فنڈز لینے ، سرکاری ملازم کو فیصلہ تبدیل کرنے کے لئے متاثر کرنے اور مجرمانہ بدسلوکی کے معاملہ درج کئے تھے ۔ کارتی چدمبرم پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر ممبئی کے آئی این ایکس میڈیا (اب 9 ایکس میڈیا) کوفارن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ (ایف آئی پی بی ) سے ہری جھنڈی دلانے کے نام پر 3.5 کروڑ روپے لئے تھے ۔ اس وقت کارتی کے والد مسٹر پی چدمبرم مرکزی وزیر خزانہ تھے ۔ آئی این ایکس میڈیا کو تب اندراني مکھرجی اور پیٹر مکھرجی چلا رہے تھے ۔ یہ دونوں اب شینا بورا قتل میں ملزم ہیں۔قابل ذکر ہے کہ دو دن پہلے ہی دہلی کی ایک عدالت نے کارتی کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ایس بھاسکررمن کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ بھاسکررمن کو بھی آئی این ایکس میڈیا سے منسلک منی لانڈرنگ معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔یو این آئی