سرینگر//وزیر سیاحت تصدق مفتی نے کل شہر سرینگر کے سیاحتی ڈھانچے کے فروغ سے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایس ایم سی،ایس ڈی اے اورلائوڈا کے علاوہ یو ای ای ڈی کے نمائندے موجود تھے۔جنہوںنے الگ الگ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے شہر میں جاری پروجیکٹوں اورسکیموں کی پیش رفت کاخلاصہ پیش کیا۔اس موقعہ پر ایس ایم سی کمشنر ریاض احمد وانی نے وزیر کو شہر سرینگر جاذب نظر بنانے کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔کتوںکی بڑھتی ہوئی آبادی کی بدعت سے نمٹنے کے لئے وزیر کو بتایا گیا کہ روزانہ 80آوارہ کتوں کو انجیکشن لگائے جارہے ہیں۔جھیل ڈل اوردیگر آبی ذخائر کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جاری اقدامات کاخلاصہ پیش کرتے ہوئے لائوڈا نے باز آبادکاری اقدامات کی تفاصیل پیش کیں اور جھیل ڈل کے علاقوں میں ناجائز تجاوزات کو روکنے کے لئے جاری کارروائیوں کے بارے میں جانکاری دی۔وی سی لائوڈا نے میٹنگ کو بتایا کہ آبی ذخائر کے 200میٹر کے دائیرے میںڈھانچوں کی جیو ٹیگنگ کی جارہی ہے تاکہ یہاں غیر قانونی تعمیرات پر روک لگائی جاسکے۔وزیر موصوف نے لوگوں کے سفری منصوبوں کاجامع سروے کرنے کی ہدایت دی جس کے تحت پارکنگ سہولیات دستیاب رکھی جانی چاہیں۔میٹنگ کے دوران شہر خاص میں ثقافتی ورثے، اس کے فروغ اوربحالی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ پرانے شہر کو سیاحوں کے لئے باعث کشش بنایا جاسکے۔تصدق مفتی نے مختلف محکموں کے درمیان قریبی تال میل کی ضرورت پر زوردیا تاکہ پروجیکٹوں کی مقررہ وقت میں تکمیل یقینی بن سکے اور زمینی سطح پر بہتر نتائج سامنے آسکیں۔میٹنگ میں سیکریٹری سیاحت سرمد حفیظ،ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر، ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ اوردیگر متعلقہ آفسیران بھی موجود تھے۔