دبئی/پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کو ایک مرتبہ میچ فکسرز نے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے اور لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بھارت اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے میچ فکسرز نے کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے کھلاڑیوں نے ناکام بنا دیا۔پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے کھلاڑیوں کو کرپشن اور فکسنگ سے محفوظ رکھنے کیلئے سخت اقدامات کیے لیکن اس کے باوجود اسپاٹ فکسرز کھلاڑیوں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔مقامی روزنامہ کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش اور بھارت سے تعلق رکھنے والے بدنام زمانہ اسپاٹ فکسرز نے دبئی میں کھلاڑیوں تک رسائی کی کوشش کی لیکن کھلاڑیوں نے فوری طور پر بورڈ کو اس حوالے سے آگاہ کر کے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ڈان نیوز کے رابطہ کرنے پر پی سی بی نے مذکورہ واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کے اس نئے اسکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں۔پی سی بی میں موجود باوثوق ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے پر ڈان نیوز کو بتایا کہ سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے چند کھلاڑیوں تک پہنچنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے بکی کو کوئی جواب نہ دیا۔بورڈ کے ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں نے فوری طور پر اس بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کیا اور ہم معاملے کی مزید تحقیقات کرتے ہوئے ملزمان کو تلاش کر رہے ہیں۔