جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو تین شمال مشرقی ریاستوں کے انتخابات میں تازہ سیاسی اور انتخابی توثیق ملی ہے جس کی بدولت وہ ملک اور خطہ کو اقتصادی اور سیاسی سطح پر درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔وزیر موصوف نے جموں وکشمیر کو درپیش مسائل کے حل کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تازہ سیاسی عزم کے ساتھ مرکزی سطح پر لایا جانا چاہئے۔انہوں نے جموں وکشمیر کے عوام تک پہنچنے کے لئے از سر نو کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ ہلاکتوں اور تباہی کے دور کا خاتمہ کر کے یہاں کے نوجوانوں کے لئے ملک کی دیگر ریاستوں کے نوجوانوں کی طرح ان کا مستقبل خوشحال اور ترقی یافتہ یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ مرکزی حکومت نریندر مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر کے لوگوں تک پہنچنے کی نئی کوششیں کرے گی تا کہ ناراضگی اور خدمات کی کمی کو دور کر کے ریاست کو درپیش مشکلات کا ایک دیرپا حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سیاسی قیادت کو سال 2003 میں اٹل بہاری واجپائی کی طرف سے شروع کئے گئے افہام و تفہیم اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے کڑیاں جوڑنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اس افہام تفہیم سے ریاست اور سرحدوں پر نچلی سطح کی صورتحال میں کافی حد تک مثبت بہتری آئی تھی۔نعیم اختر نے کہا کہ خیالاتی تضاد اور سیاسی تفرق ہونے کے باوجود پی ڈی پی نے ایجنڈا آف الائنس کی بنیاد پر بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا تا کہ ریاست کے تمام خطوں اور ذیلی خطوں میں لوگوں کو ایک وسیع سیاسی پلیٹ فارم دستیاب ہوسکے۔