سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی خدمات کی فراہمی میں سرینگر میونسپل کارپوریشن کا اہم رول ہے اورسرکار عوام کا معیار حیات بلند کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں ایس ایم سی کے کام کاج کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر ایس ایم سی،جوائنٹ کمشنر پلاننگ ،جوائنٹ کمشنر ایڈمنسٹریشن اورجوائنٹ کمشنر ورکس کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ایس ایم سی کمشنر نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے کارپوریشن کے کام کاج کا خلاصہ پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ امرُت اورایس ایم سی کے تحت 234کروڑ روپے کی لاگت والے کام تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں اورایس ایم سی نے گذشتہ سال 147 کیمونٹی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ایس ایم سی سرینگر میں ہر شخص کے ساتھ جڑی ہوئی ہے اور اس کا کام کاج جس قدر بہتر ہوگا اُسی قدر لوگوں کی زندگی آسان بن سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ پیڈ روڈ سائیڈ پارکنگ کے کافی بہتر نتائج سامنے آئے ہیں اورٹریفک منیجمنٹ میں بھی مثبت بدلائو آیا ہے ۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ٹریفک نظام میں بہتر ی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔صوبائی کمشنر نے دودھ گنگا اور جہلم کے کناروں پر صفائی ستھرائی کے لئے غیر معمولی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔