سرینگر//ملازم اتحاد ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی( ایجیک) کے سربراہ عبدالقیوم وانی نے عصمت دری کرنے والوں کا دفاع کرنے اور انسانی مسائل پر سیاست کرنے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچی کی عصمت ریزی میں ملوث مجرموں کو پھانسی دی جانی چاہئے۔ایجیک(ق) کی ایک میٹنگ عبدالقیوم وانی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس کے دوران تمام ملازم لیڈروں نے کھٹوعہ میں8برس کی معصوم بچی کی آبرو ریزی اور قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ قرار دیا۔میٹنگ کے دوران ایجیک(ق) کے صدر عبدالقیوم وانی نے کہا کہ اس طرح کے انسانیت سوز اور شرمناک واقعے کی بلا امتیاز مذہب وملت اور فرقہ و ذات مذمت کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کی عصمت اور عزت ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ محبوب ہے،جبکہ اپنی بچیوں،اور بہنوں و مائوں کی عصمت و ناموس کی حفاظت کرنا ہر ایک انسانی کا فرض ہے۔وانی نے معصوم بچی کی عصمت ریزی و قتل میں ملوث مجرموں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا شرمناک واقعہ آئندہ پیش نہ آئے۔ ایجیک(ق) کے صدر نے تمام حقوق البشر تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ معصوم بچی کو انصاف دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال کو فرقہ پرستی یا سیاست کی نذر کرنا نا قابل قبول ہے،جبکہ اس بات کی وضاحت کی کہ ایجیک کے لیڈروں نے ہمیشہ سے ہی اس طرح کے انسانیت سوز حرکتوں اور واقعات کی مذمت کی ہے۔انہوں نے انصاف میں تاخیر اور مجرموں کو سزا دینے میں دیر کی صورت میں ایجیک سڑکوں پر آئے گی۔میٹنگ میں فیاض شبنم،حاجی بشیر احمد،شبیر احمد لنگو،عبدالسلام راجپوری،فاروق احمد خان،نذیر احمد خان،ڈاکٹر منظور اور دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔