راجوری //راجوری میں پولیس نے مشکوک نقل و حرکت پاتے ہوئے متعدد گائوں میں تلاشی کارروائی کی ہے ۔ ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ پولیس اور دیگر ایجنسیوں کو اس بات کی اطلاعات ملی تھیں کہ کچھ علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت ہورہی ہے جس پر تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ۔ راجوری قصبہ سے کچھ کلو میٹر دوری پر واقع متعدد گائوں چھاوا، موچی محلہ ، کرشر موڑ ، ٹنڈوال ، ٹھنڈی کسی ، ایرن کھنیتر ، گھمبیر اور ککورہ میں پولیس کی ٹیموں نے پانچ گھنٹوںسے بھی زائد عرصہ تک تلاشی کارروائی کی ۔ان ٹیموں کی سربراہی ایڈیشنل ایس پی راجوری محمد یوسف اور ڈی وائی ایس پی آپریشن راجوری سکھدیو سنگھ کررہے تھے ۔ذرائع نے بتایاکہ ٹھنڈی کسی سے لیکر ککورہ تک کا جموں پونچھ شاہراہ کا حصہ کڑی نگرانی میں رکھاگیا ۔ چونکہ یہ علاقے حد متارکہ کے قریب ہیں اور سرحدی کشیدگی بھی جاری ہے جس وجہ سے یہاں جنگجوئوں کی نقل وحرکت کے امکانات کو بھی رد نہیں کیاجاسکتا۔ذرائع کاکہناہے کہ جن علاقوں میں تلاشی کی گئی وہ حد متارکہ سے آٹھ سے دس کلو میٹر دوری پر واقع ہیں ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ راجوری قصبہ کے قریب گائوں میں مشکوک نقل و حرکت کے بعد تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے اور علاقے پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ اسی طرح کی اطلاعات درہال کے بالائی علاقوں سے بھی ملی تھیں جہاں بھی تلاشی شروع کی گئی ہے ۔