جموں // پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ ریاستی پولیس نے شوپیان کے پہنو نامی گاؤں میں اتوار کی شام پیش آنے والے فائرنگ واقعہ سے متعلق حقائق جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے بیان کے مطابق فائرنگ کے اس واقعہ میں دو جنگجو اور ان کے چار بالائی زمین ورکر مارے گئے ہیںتاہم انکا کہنا تھا کہ یہ فوج کا بیان ہے ۔ ایس پی وید نے ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’شوپیان کے پہنو میں کچھ سلسلہ وار واقعات پیش آئے ہیں۔ وہاں فوج نے اپنے کیمپ کے باہر ناکہ بٹھایا تھا۔ فوج کے بیان کے مطابق وہاں سے دو گاڑیوں کا گذر ہوا۔ جب گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو وہاں سے فائرنگ کی گئی۔ اس کے بعد فوج نے جوابی فائرنگ کی۔ دو جنگجوؤں اور چار دیگر لوگوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں‘۔ انہوں نے کہا’ واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ دیگر چار لوگ جنگجوؤں کے بالائی زمین ورکر تھے۔ حقائق کو جاننے کے لئے پولیس نے تحقیقات شروع کی ہے۔
دفاع میں جوابی فائرنگ کی: فوج
یو این آئی
سرینگر// فوج کا شوپیان کے پہنو نامی گاؤں میں اتوار کی شام پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں کہنا ہے کہ اس کے اہلکاروں نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو اور ان کے چار ہمرائی جاں بحق ہوئے۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اتوار شام سات بجے پہنو نامی گاؤں میں ترنز پنجورہ روڑ پر ایک آرمی موبائیل ویکل چیک پوسٹ (ایم وی سی پی) تعینات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قریب آٹھ بجے دو تیز رفتار گاڑیوں کو ترنز گاؤں سے ایم وی سی پی کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔ ترجمان نے کہا ’فوجیوں نے گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا، لیکن دونوں گاڑیوں نے یہ اشارہ نظرانداز کیا۔ جب مذکورہ گاڑیوں کی طرف سرچ لائٹ ڈالی گئی تووہاں سے شدید فائرنگ شروع ہوئی‘۔ انہوں نے کہا ’ہمارے فوجیوں نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی۔ طرفین کے مابین ہوئی جھڑپ میں ایک جنگجو گولی لگنے سے گاڑی سے نیچے گرگیا جبکہ گاڑی سڑک سے لڑھک کر نالہ میں جاگری۔ دوسری گاڑی جائے وقوع سے فرار ہوئی‘۔ ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران حرمین کے رہنے والے سی کٹاگری جنگجو عامر احمد ملک کی لاش برآمد ہوئی۔ وہ ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھا اور جولائی 2017 سے سرگرم تھا۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو کے قبضے سے ایک اے کے 74، 3 میگزینیں اور گولیوں کے 88 راؤنڈ برآمد ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے مزید تین لاشیں برآمد ہوئیں۔ وہ سبھی جنگجو کے ساتھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح 9 بجے سعیدپورہ شوپیان کے میوہ باغات سے عاشق حسین نامی لشکر طیبہ جنگجو کی لاش برآمد کی گئی۔ جنگجو عاشق حسین کی موت پہنو شوپیان کے واقعہ سے جڑی ہوئی ہے۔