جموں//وزیر خزانہ حسیب اے درابو نے یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں ٹریجری نظام کو پی اے او نظام میں بدلنے سے جڑے عمل کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔میٹنگ کے دوران وزیر نے ریاست میں جلد از جلد پی اے او نظام کو مکمل طور سے عملانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ڈیالپمنٹ کمشنر ورکس عبدالحمید شیخ، سیکرٹری ورکس سنجیو ورما، سیکرٹری پی ایچ ای، ایم اے راجو، ڈی جی اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز محمد اسحاق وانی، کنسلٹنٹ الطاف مرزا کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر موصوف کو نظام کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی گئی اور کہا گیا کہ محکموں کی طرف سے بِل اپ لوڈنگ کے عمل میں تاخیر ہوئی ہے اور اس عمل میں معقولیت لانے کے لئے یہ نظام وجود میں لایا گیا ہے۔درابو نے افسروں سے کہا کہ وہ نئے نظام میں معقولیت لانے کے لئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے ہر ایک ضلع میں عملے کو تربیت دینے اور تکنیکی تعاون کو یقینی بنانے کے لئے فائنانس افسروں کو تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ڈاکٹر درابو نے کہا کہ پرنسپل سیکرٹری خزانہ کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو واجب الادا ادائیگیوں کی نشاندہی کر کے ان کے جلد از جلد نپٹارے کو یقینی بنائے گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ31 مارچ2018 تک رواں مالی سال کی ادائیگیوں کی نگرانی اور چھان بین یومیہ بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی۔ٹھیکہ داروں کے نمائندوں نے اس موقعہ پر ادائیگی کا نیا نظام متعارف کرنے کے لئے وزیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ تمام ادائیگیوں کو مقررہ مدت کے اندر اندر کلئیر کیا جائے گا۔