سرینگر// صنعت کاروں کے مشترکہ اتحاد کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ میں ریاست سے افسپا ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس قانون کو کشمیر میں قتل عام کیلئے ہتھیار قرار دیا۔وزیر اعلیٰ کے ساتھ منگل کو میٹنگ کے دوران کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزنے یاداشت پیش کی،جس میں وزیر اعلیٰ سے کہا گیا ہے کہ ایک دفعہ پھر وادی میں صورتحال مخدوش ہوگئی ہے اور ہم لاشوں کیلئے تابوت تلاش کر رہے ہیں۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ افسپا کو کالعدم قرار دیا جائے،کیونکہ یہ قانون فوج اور فورسز اہلکاروں کو کسی جوابدہی کے بغیر کسی کو بھی مارنے کی لائسنس فراہم کرتا ہے۔یاداشت میں کہا گیا کہ اس سے قبل ہی ہزاروں لوگ کشمیر میں اس قانون کی زد میں آکر قبرستانوں میں جگہ تلاش کرچکے ہیں لہٰذااس قانون کو کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔چیمبرکی طرف سے پیش کردہ میمورنڈم میں بات چیت کی وکالت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ،ہند پاک اور کشمیر کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے،تاکہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جاسکے،کیونکہ اس سے براہ راست تجارت اور صنعت و حرفت اثر انداز ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مفاہمت میں کمی کی وجہ سے کشمیر میں کشت و خون کا سلسلہ جاری ہے۔