سرینگر//سرکار نے وادی میں مزید 2دنوں کیلئے اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کشمیر میں سوموار سے باضابطہ طور پر اسکول کھلیں گے۔ سرمائی تعطیلات کے بعد وادی میں آٹھویں جماعت تک کیلئے 5مارچ کو اسکول کھلنے والے تھے،تاہم شوپیاں میں شہری ہلاکتوں کے بعد پیر کو ایک مرتبہ پھر اسکول بند رکھے گئے۔اس دوران وزیر تعلیم سید الطاف بخاری نے بعد میں مخدوش صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے تعطیلات میں مزید2دنوں کا اضافہ کیا۔اس دوران انتظامیہ نے وسطی کشمیر اور شمالی کشمیر میں مزید2دنوں جبکہ جنوبی کشمیر میں3دنوں تک تعطیلات میں مزید اضافہ کیا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر غلام نبی ایتو نے تعطیلات میں دو دنوں کا اضافہ کرنے کی تصدیق کی۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ایتو نے کہا’’ اسکول انتظامیہ نے فیصلہ لیا ہے کہ جنوبی کشمیر میں3دنوں جبکہ وسطی کشمیر اور شمالی کشمیر میں2دنوں کیلئے مزید اسکول اور تعلیمی ادارے بند رہے گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ سرینگر سمیت وسطی اور شمالی کشمیر میں سنیچر جبکہ جنوبی کشمیر میں پیر کے روز اسکول کھلیں گے۔اس دوران بورڑآف اسکول ایجوکیشن نے تمام امتحانات کو فی الحال ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے اس حوالے سے نئی تاریخوں کا اعلان علیحدہ طور کیا جائے گا۔