سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری و ایم ایل اے خانیار علی محمد ساگر نے کل شہر خاص کے باچھی دروازہ مخدوم صاحب(شیخ کالونی) جاکر وہاں گذشتہ روز آگ کی ہولناک واردات میں ہوئے نقصان کا جائزہ لیا اور آتشزدگان کی ڈھارس بندھائی اور اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے وہاں موجود متاثرہ کنبوں سے کہا کہ آپ کی بازآبادکاری ہر سطح پر ممکن بنائی جائے گی، جس کیلئے میں نے پہلے ہی ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اور محکمہ مال کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کی ہے۔ ساگر نے اس موقعے پر ہر ایک متاثرہ کنبہ کے حق میں اپنے سی ڈی ایف میں سے 75ہزار روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کی جن مکانوں کو زیادہ نقصان ہوا ہے اُنہیں حکومت کی طرف سے ایک لاکھ 30ہزار روپے مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ متاثرین کی راحت رسانی کیلئے اقدامات فوری اٹھائے جائیں اور ساتھ ہی اُن کی عارضی رہائش اور قیام و طعام کا بھی بندوبست کیا جائے۔