کپوارہ//ہندوارہ پولیس کی آنکھو ں میں دھول جھونکنے والا شکایت کنندہ پولیس کے جال میں پھنس گیا ۔آڈورہ ماور سے تعلق رکھنے والے ایک شہری رفیق احمد وارنے قلم آباد پولیس کے پاس تحریری طورشکایت درج کی کہ اس کا ٹریکٹر چوری ہو گیا جس کے بعد پولیس نے معاملہ کی نسبت ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔پولیس کی ایک ٹیم نے گزشتہ4مہینو ں کے دوران پوری وادی میں چوری شدہ ٹریکٹر کی تلاش شروع کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے ۔جمعرات کو پولیس کو اس وقت ایک کامیابی ملی جب قلم آ باد پولیس کی ایک ٹیم نے خانصاحب بڈگا م کے دریگام علاقے میں ایک شہری کو ٹریکٹر سمیت دھر لیا اور دوران تفتیش پتہ چلا کہ جس شہری نے چوری سے متعلق شکایت درج کی تھی اس نے خود ہی اپنے ٹریکٹر کوفروخت کیا تھااور پولیس کی آنکھو ں میں دھول جھونک رہا تھا اور گزشتہ4مہینے تک پولیس کو گمراہ کیا ۔ایس پی ہندوارہ غلام جیلانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے فوری طور آڈورہ سے مذکورہ شہری کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران مذکورہ شہری نے اعتراف کیا کہ اس نے ٹریکٹر کو فروخت کر کے ڈرامہ رچایا تاکہ وہ انشور نش حاصل کر سکے جبکہ بینک لون بھی ہڑپنا چاہتا تھا ۔