پونچھ// کنٹریکٹر ایسوسی ایشن پونچھ کے بینر تلے ٹھیکیداروں کی ہڑتال دسویں روز بھی جاری رہی ۔اس دوران ایک بار پھر تعمیراتی دفاتر پر تالے چڑھا کر ریلی نکالی اور دھرنا دیا ۔ ضلع صدر آصف اقبال میرعرف دھیما نے تمام ٹھیکیداروں کا شکریہ اداکیا جنہوں نے پچھلے دس روز سے ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ٹھیکیدار اپنے مطالبات کی خاطر کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اور وہ رقومات واگزار ہونے تک یہ سلسلہ جاری رکھیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ PAOsجیسے قوانین کو جب تک کالعدم قرار نہیں دیا جاتا تب تک تمام تعمیراتی دفاتر تالا بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ ایسے قوانین تب ہی نافذ کرسکتے ہیں جب تک ٹھیکیداروں کی تمام واجب الادا رقومات واگزار نہیں کرتے اورحکومتی نظام کا زمینی سطح پر کوئی بنیادی ڈھانچہ بھی میسر نہیں۔ انہوں نے ضلع کی دیگر تحصیلوں میں تعمیراتی دفاتر کو بند کرنے میں ٹھیکیداروں کے رول کی سراہناکی ۔انہوں نے تمام ٹھیکیداروںسے اپیل کی کہ وہ اپنے مطالبات پر ڈٹے رہیں اور احتجاج جاری رکھیں ۔